اوگی دوشیزہ اغواء کیس، دو ملزمان کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج، ایک گرفتار

پیر 27 مارچ 2017 22:38

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) اوگی دوشیزہ اغواء کیس میں پولیس نے لے پالک والد کی دعویداری پر دو ملزمان کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، دوسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ اوگی میں سید اختر حسین شاہ چھجڑ سیداں نے اپنی رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کی لے پالک بیٹی غیر شادہ شدہ خالدہ بی بی 22 مارچ 2017ء کو بذریعہ ریل کراچی سے حویلیاں ریلوے سٹیشن پہنچی جسے وہ اپنی نجی گاڑی میں بٹھا کر اوگی لا رہے تھے کہ جب گاڑی سیری اربوڑہ کے مقام پر پہنچی تو اس دوران وہاں گورنمنٹ سکول کے قریب دو گاڑیاں پہلے سے کھڑی تھیں جنہوں نے اسلحہ کی نوک پر ان کی گاڑی روکی اور ملزمان ان کی لے پالک خالدہ کو اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔

اوگی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم امتیاز ولد شیرافضل کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ظاہر شاہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے، لڑکی کی دریافت کے سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں۔