سلہڈ سے پبلک سکول تک سڑک کو 170 فٹ اور پبلک سکول سے شنکیاری تک 130 فٹ چوڑا کرنے کا منصوبہ تیار

پیر 27 مارچ 2017 22:38

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) ایبٹ آباد میں سلہڈ سے پبلک سکول تک شاہراہ ریشم کو 170 فٹ اور پبلک سکول سے شنکیاری تک 130 فٹ چوڑا کیا جائے گا، اپریل کے اوائل میں منصوبہ پر کام شروع کر دیا جائے گا، شاہراہ ریشم کے داتہ سے شنکیاری تک دونوں اطراف نشاندہی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبہ پر کام شروع ہونے کے بعد ہزارہ کے شہروں مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں چین کو ہیوی گاڑیاں اور مشینری لے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، ایک ہیوی مشینری کی گاڑی اگر ایبٹ آباد شہر میں داخل ہو جائے تو سڑک تنگ ہونے کے باعث گھنٹوں ٹریفک بلاک رہتی ہے، ایبٹ آباد شہر کی 10 کلومیٹر پر محیط سڑک کی چوڑائی کم ہونے کے باعث گاڑی کا 20 منٹ کا سفر ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔

اس سلسلہ میں وفاقی حکومت کو بھی باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے جس نے فوری طور پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایات جاری کی ہیں جس پر باقاعدہ منظوری کے بعد متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ سڑکوں کی کشادگی کے حوالہ سے کام تیزی سے جاری ہے، جانچ پڑتال کا ابتدائی کام مکمل ہونے کے بعد اب سڑک کو کھلا کرنے کیلئے عمارتوں کی مسمارگی کا سلسلہ جلد شروع کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :