ناموس رسالتؐ کے تحفظ کیلئے پوری امت مسلمہ متحد ہے، پاکستان علماء کونسل

وزیر داخلہ چوہدری نثار کا اسلامی ممالک کے سفراء کا اجلاس بلانا قابل تحسین اقدام ہے توہین رسالتؐ سے بڑی دہشت گردی کوئی نہیں ،سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد پھیلانے والوں کو بھی دہشت گرد قرار دیا جائے، سیاسی و مذہبی رہنمائوں کا تحفظ ناموس رسالت ؐ کانفرنس سے خطاب

پیر 27 مارچ 2017 22:23

ناموس رسالتؐ کے تحفظ کیلئے پوری امت مسلمہ متحد ہے، پاکستان علماء کونسل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) ناموس رسالتؐ کے تحفظ کیلئے پوری امت مسلمہ متحد ہے۔ توہین رسالتؐ سے بڑی دہشت گردی کوئی نہیں ۔سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد پھیلانے والوں کو بھی دہشت گرد قرار دیا جائے۔ مغربی دنیا کو اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ دوہری پالیسی کو ختم کرنا ہوگا۔ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔

وزارت داخلہ کا توہین رسالت ؐ کے مسئلہ پر اسلامی ممالک کے سفراء کا اجلاس عالم اسلام کو بیدار اور متحد کرنے کا ذریعہ بنے گا ۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا اسلامی ممالک کے سفراء کا اجلاس بلانا قابل تحسین اقدام ہے ۔اسلامی ممالک کے سفراء کا توہین رسالت ؐ کیخلاف قانون سازی کیلئے اقوام متحدہ سے مطالبہ مسلم امہ کے جذبات کی ترجمانی ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ اور او ،آئی ،سی تمام مذاہب کی مقدس شخصیات کی توہین کیخلاف قانون سازی کرے۔پاکستان کی سلامتی و استحکام اور ملک میں امن و امان کے قیام اور آپریشن رد الفساد کی کامیابی کیلئے متحدہوکر جدوجہد کی جائے گی بشرطیکہ اس کا دائرہ ہر قسم کی دہشت گردی تک وسیع کیا جائے بالخصوص قادیانیوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیکر ان کا سدباب کیا جائے۔

وطن عزیز پاکستان کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام یکم اپریل کو بہاولنگر،3اپریل کو فیصل آباد،4اپریل کو گوجرانوالہ11اپریل کو قلعہ دیدار سنگھ، 12اپریل کو لاہور اور 16اپریل کو اوکاڑہ سمیت دیگر شہروں میں تحفظ ناموس رسالت ؐ کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ہونے والی ’’آل پارٹیز تحفظ ناموس رسالت ؐ کانفرنس سے سیاسی و مذہبی جماعتوں اور دیگرمکاتب فکر کے قائدین ،وکلاء،اسکالر،تاجر اور صحافی برادری کے نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کی۔ کانفرنس سے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد امیر ، انصارالامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل ،مولانا محمد لدھیانوی سربراہ اہلسنت والجماعت پاکستان ، صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن چیئرمین مشائخ علماء کونسل پاکستان ،محمد کاشف چوہدری نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان،قاضی عبد القدیر خاموش چیئرمین جمعیت علماء اہلحدیث ،اجمل وزیر خان مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ق)،مولانا قاضی عبد الرشید مرکزی ڈپٹی سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان ،ڈاکٹر خادم حسین ڈھلوں سیکر ٹری جنرل اہلسنت والجماعت پاکستان ،تحریک جوانان پاکستان عبد اللہ گل ، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الرائوف فاروقی،سنی کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ سعید الرشید عباسی، مرکزی صدر متحدہ علماء فورم مفتی فیرو ز الدین ہزاروی ،مفتی رویس خان ایوبی جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر ،مولانا اشرف علی نائب امیر اشاعت التوحید و سنہ پاکستان ،مولانا عبد الخبیر آزاد خطیب بادشاہی مسجد لاہور،سید عمر فاروق شاہ امیر جمعیت اہلسنت ،محمد علی خان یوسفزئی چیئرمین پاکستان غازیان عدل پارٹی،مفتی تنویر الحسن احرار مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مجلس احرار اسلام پاکستان ،پاکستان علماء کونسل کے مرکزی رہنمائوں مولانا رفیق جامی،مولانا شبیر احمد عثمانی،پیر جی خالد محمود قاسمی،ممتاز مذہبی اسکالر مولانا شاہنواز فاروقی،مولانا گلزار قاسمی،مولانا جواد قاسمی،علماء کونسل پنجاب کے رہنمائوںمولانا حق نواز خالد، مولانا حافظ محمد امجد،مولانا عبد المنان عثمانی،حافظ محمد شعبان،مولانا مسعود قاسم قاسمی صدر مجلس اتحاد امت پاکستان،مولانا شبیر احمد مرکزی رہنما پاکستان یکجہتی کونسل سینئر ایڈووکیٹ میاں طیب ایڈووکیٹ، پیر عبد الشکور نقشبندی رہنما جمعیت علماء اسلام ،قاری ہدایت اللہ میرانی کنوینئر علماء و مشائخ ونگ تحریک جوانان پاکستان،مولانا محمد حسین مرکزی رہنما جمعیت علماء پاکستان،مولانا عبد القدوس محمدی ترجمان وفاق المدارس العربیہ پاکستان، قاضی محمود الحسن جنرل سیکرٹری آل جموں کشمیر جمعیت علماء اسلام ، مولانا ظہور احمد علوی ،محمد اجمل بلوچ صدر آل پاکستان انجمن تاجران،علامہ اخلاق احمد جلالی رہنما پاسبان اہلسنت پاکستان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ ناموس رسالت ؐ پر حملہ مسلمانوں کے ایمان ونظریات پر حملہ ہے۔ ناموس رسالت ؐ کا دفاع ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ناموس رسالت ؐ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انبیا ء ؑ ،صحابہ کرام ؓ،ازواج مطہراتؓ،اہلبیت ؓ سمیت مقدس شخصیات کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت ہے۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو مسلمان خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کے اندر سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے والوں کو عبرتناک سزا دے ۔

آزادی اظہار رائے کی آڑ میں امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح نہیں کرنے دیا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد پھیلانے والے دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔مسلمانوں کی سب سے مقدس ہستی نبی رحمة اللعالمین ؐ کی توہین ناقابل برداشت ہے۔ کانفرنس میں اسلامی ممالک کے سفراء کے اجلاس کو پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی قرار دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسلم سفراء کے اجلاس کے اعلامیہ کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔