وزیر داخلہ کا غیر ملکیوں کی طرف سے ویزوں کے حصول کی درخواستوں اور ویزوں کے اجراء کے نظام کیلئے سینٹرل ڈیجیٹل ڈیٹا بنک قائم کرنے کا حکم

سابق دور حکومت میں اس وقت کے وزیر اعظم کی طرف سے امریکیوں کو ویزوں کے اجراء سے متعلق امریکہ میں پاکستانی سفیر کو دیا گیا، اختیار اور منظوری ہم نے تین سال قبل واپس لے لی تھی ، گزشتہ تین سالوں کے دوران بغیر دستاویزات غیر ملکیوں کے پاکستان داخلے کو روکنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں ، چوہدری نثارکا اجلاس سے خطاب نادرا کی طرف سے دفاتر کیلئے عمارتیں کرائے پر حاصل کرنے پر پابندی عائد ، چوہدری نثار کی چیئرمین نادرا کو اپنی زمین خرید کر عمارتیں بنانے کی ہدایت

پیر 27 مارچ 2017 21:58

وزیر داخلہ کا غیر ملکیوں کی طرف سے ویزوں کے حصول کی درخواستوں اور ویزوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کی طرف سے ویزوں کے حصول کی درخواستوں اور ویزوں کے اجراء کے نظام کو آن لائن کرنے کے لئے سینٹرل ڈیجیٹل ڈیٹا بنک قائم کیاجائے تاکہ ویزوں کے اجراء کے نظام کو شفاف بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان آنے والے غیر ملکیوں پر نظر رکھی جا سکے ، سابق دور حکومت میں اس وقت کے وزیر اعظم کی طرف سے امریکیوں کو ویزوں کے اجراء سے متعلق امریکہ میں پاکستانی سفیر کو دیا گیا اختیار اور منظوری ہم نے تین سال قبل واپس لے لی تھی ، گزشتہ تین سالوں کے دوران بغیر دستاویزات غیر ملکیوں کے پاکستان داخلے کو روکنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں ، وزیر داخلہ نے نادرا کی طرف سے دفاتر کے لئے کرائے پر عمارتیں حاصل کرنے پر پابندی عائد کر دی ، چوہدری نثار نے چیئرمین نادرا کو ہدایت کی ہے کہ اپنی زمین خرید کر عمارتیں بنائی جائیں تاکہ کمرشل نرخوں پر بھاری کرائے پر عمارتیں لینے کی روایت کو ختم کیا جا سکے، تمام صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرکے دفاتر کے لئے اراضی خریدی جائے ۔

(جاری ہے)

پیر کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ ، چیئرمین نادرا ، ائیر ونگ کے افسران سمیت وزارت داخلہ کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ وزیر داخلہ نے چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ غیر ملکیوں کے ویزوں کے اجراء اور دنیا بھر سے ویزوں کی درخواستوں کے نظام کو آن لائن کرنے کے لئے سینٹرل ڈیجیٹل ڈیٹا بنک قائم کیا جا ئے ۔

انہوں نے کہا کہ ویزوں کے اجراء اور درخواستوں کی وصولی کے اس میکانزم سے غیر ملکیوں کو آن لائن درخواست دینے اور ویزے کے حصول میں مدد حاصل ہو گی جب کہ ویزوں کے اجراء میں شفافیت آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان لائن درخواستوں اور ویزوں کے جراء سے پاکستان آنے والے غیر ملکیوں پر نظر رکھنے میں آسانی ہو گی اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا کہ بغیر دستاویزات اور تصدیق کے کوئی غیر ملکی پاکستان نہ آ سکے ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سابق دور حکومت میں سابق وزیر اعظم کی طرف سے امریکہ میں پاکستانی سفیر کو امریکیوں کو ویزے جاری کرنے کے حوالے سے جو منظوری اور اختیار دیا گیا تھا وہ 2014 میں واپس لے لیا گیا ہے ۔ تاہم ابھی بھی ویزوں کے اجراء کو مزید شفاف بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ بغیر دستاویزات کے کوئی پاکستان نہ آ سکے بہت سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔

انہوں نے نادرا کو کہا کہ بے ضابطگیوں کے خاتمے کے لئے ویزوں کے اجراء کے نظام کو مکمل آن لائن کرنے کے لئے ایک نظام وضع کیا جائے ۔ اجلاس میں وزارت داخلہ کے ائیر ونگ کے مستقبل کے کرداربارے میں بھی غور کیا گیا ۔ وزارت داخلہ کا ائیر ونگ دہشت گردی انتہا پسندی ، عسکری پسندی اور منشیات کے سمگلرز کے خلاف پاک افغان بارڈر اور بلوچستان میں کام کر رہا ہے ۔

اس کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کو مکمل معاونت فراہم کی جاتی ہے ۔ وزیر داخلہ نے نادرا کی طرف سے دفاتر کے لئے کرائے پر عمارتیں حاصل کرنے پر پابندی عائد کر دی اور کہا کہ اپنی زمین خرید کر عمارتیں بنائی جائیں تاکہ کمرشل نرخوں پر بھاری کرائے پر عمارتیں لینے کی روایت کو ختم کیا جا سکے ۔ وزیر داخلہ نے نادرا کی طرف سے میگا سنٹرز اور ملک بھر میں عمارتوں کی تزئین و آرائش کے لئے دیئے گئے ریٹس پر نظر ثانی کی بھی ہدیت کی ۔

چیئرمین نادرا کو کہا کہ وہ پرائیوٹ ٹھیکیداروں کی خدمات حاصل کرتے وقت ٹرانپرنسی کو یقینی بنانے کے لئے نئے قواعدو ضوابط بھی مرتب کریں تاکہ عوام کے پیسے کو ٹھیکیدار مافیا سے بچایا جا سکے ۔ وزیر داخلہ نے چیئرمین نادرا کو کہا کہ وہ تمام صوبائی حکومتوں سے رابطہ کریں اور اپنے دفاتر کے لئے اراضی خریدیں ۔(م د +آچ)