وزیراعظم محمد نواز شریف حیدر آباد کے پریشان عوام کیلئے مسیحا بن کر آئے، حیدرآباد کے عوام 2018 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بھرپور حمایت کریں گے اور وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں ان کا ساتھ دیںگے، وزیراعظم جس دن یہاں یونیورسٹی کی بنیاد رکھنے آئیں گے، لاکھوں لوگ ان کے استقبال کیلئے آئیں گی

سینیٹر ڈاکٹر راحیلہ مگسی کا حیدر آباد میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب

پیر 27 مارچ 2017 21:57

وزیراعظم محمد نواز شریف حیدر آباد کے پریشان عوام کیلئے مسیحا بن کر ..
حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر ڈاکٹر راحیلہ مگسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف حیدر آباد کے پریشان عوام کیلئے مسیحا بن کر آئے ہیں، وزیراعظم عظیم شخص ہیں جن کے دل میں غریبوں کیلئے درد اور ہمدردی کا جذبہ موجود ہے، حیدرآباد کے عوام 2018 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بھرپور حمایت کریں گے اور وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں ان کا ساتھ دیںگے۔

سینیٹر ڈاکٹر راحیلہ مگسی پیر کوحیدر آباد میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہی تھیں۔انہوں نے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے حیدرآباد کے عوام کی جانب سے مطالبہ کیا کہ 40 لاکھ آبادی پر مشتمل آبادی کے شہر میں یونیورسٹی قائم کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن کی 40 سے 50 ایکڑ زمین بھی موجود ہے، یونیورسٹی کے قیام سے طالبعلم انجنئیرنگ، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دیگر جدید علوم کی ڈگریاں حاصل کرسکیں گے، فیڈرل یونیورسٹی شہر کا دیرینہ خواب ہے اور انشاء اللہ حیدر آباد کے عوام کو یہ خواب تعبیر ہو کر ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جس دن یہاں یونیورسٹی کی بنیاد رکھنے آئیں گے، لاکھوں لوگ ان کے استقبال کیلئے آئیں گی اور یہاں ان کے اعزاز میں وہ خود ایک بڑے جلسے کا اہتمام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایم این اے وسیم کی شکرگزار ہے جنہوں نے ان کی تجویز کی بھرپور حمایت کی ہے۔سینیٹر ڈاکٹر راحیلہ مگسی نے کہا کہ وہ وزیر اعظم محمد نواز شریف سے حیدر آباد کے غیر فعال ائیرپورٹ کو دوبارہ فعال بنانے کی درخواست کرتی ہیں تاکہ یہاں سے حج پروازیں شروع ہوسکیں۔

انہوں نے کہا وہ وزیراعظم محمد نواز شریف سے حیدر آباد میں ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال کے قیام کی درخواست کرتی ہیں تاکہ یہاں کے عوام کو معیاری صحت عامہ کی سہولت تک رسائی ہوسکے۔ انہوں نے کہا وہ وزیراعظم سے یہاں ترقیاتی منصوبوں کے پیکج کے اعلان کی بھی درخواست کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا یہاں 100 کے قریب ایسے گائوں ہیں جہاں بجلی کی سہولت میسر نہیں ہے اور 150 کے قریب ایسے گائوں ہیں جہاںگیس کی سہولت نہیں ہے، وہ وزیر اعظم محمد نواز شریف سے درخواست کریں گی کہ یہاں گیس و بجلی کی فراہمی کا اعلان کریں تاکہ یہاں کے لوگوں کو بھی ریلیف مل سکے، پاسکو کے پاس 2014,ء 2015ء اور 2016ء کے غلہ کا سٹاک موجود ہے وہ وزیراعظم سے درخواست کرتی ہیں وہ اسے تحفے کے طور پر غریبوں میں تقسیم کریں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کا شدید بحران ہے، وزیراعظم سے یہاں 1500 سولر ٹیوب ویلز کا اعلان کریں جس کی قیمت کا نصف حصہ زمیندار اور کسان سے وصول کریں جبکہ بقیہ قیمت میں سبسڈی کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا انہیں امید ہے کہ ان کے تمام مطالبات وزیراعظم منظور کریں گے۔ سینیٹر ڈاکٹر راحیلہ مگسی نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے عوام سے وعدہ لیتی ہیں کہ 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بھرپور حمایت کریں اور وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کو مزید ترقی کی راہ میں گامزن کرنے میں ان کا ساتھ دیں۔