فوری و معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وکلاء اور ججز میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

وکلاء سائلین کو جلد انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہڑتال کلچر کو مکمل طور پر ترک کر دیں ‘ جسٹس سید منصور علی شاہ کی راولپنڈی ڈویژن کے وکلاء رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو

پیر 27 مارچ 2017 21:44

فوری و معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وکلاء اور ججز میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ سے راولپنڈی ڈویژن کے وکلاء رہنمائوں نے ملاقات کی، اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج محمد فرخ عرفان خان، رجسٹرار سید خورشید انور رضوی اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی شکیل احمد بھی موجود تھے۔ملاقات کرنے والے وفد میںوائس چیئرمین پنجاب بار کونسل ملک عنائت اللہ اعوان، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل سید عظمت بخاری، ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن راولپنڈی بنچ کے صدر ظفر محمود مغل، نائب صدر بلال رضا، ضلعی بار ایسو سی ایشن راولپنڈی کے صدر سجاد اکبر عباسی، جنرل سیکرٹری عرفان نیازی، اٹک بار ایسو سی ایشن کے صدر ملک اسرار احمد، چکوال بار ایسو سی ایشن کے صدر امجد حسین، سیکرٹری نثار احمد اصغر اور جہلم بار ایسو سی ایشن کے صدر راجہ عتیق عالم شامل تھے۔

(جاری ہے)

وکلاء رہنمائوں نے وکلاء اور سائلین کی آسانی اور جلد و معیاری انصاف کی فراہمی کیلئے فاضل چیف جسٹس کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اس حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی عدالت عالیہ کی اولین ترجیح ہے، وکلاء فراہمی انصاف کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے ہمارے شانہ بشانہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وکلاء ہڑتال کلچر کو مکمل طور پر ترک کر دیں تاکہ سائلین کو جلد انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ تحصیل بار ایسو سی ایشن کی سطح پربھی اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو ہڑتال کرنے کی بجائے بیٹھ کر حل کیا جائے، معاملہ تحصیل سطح پر حل نہ ہونے کی صورت میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی سربراہی میں قائم گڈ ورکنگ کمیٹی کے سامنے رکھا جائے،انہوں نے کہا کہ اگر ضلعی سطح پر بھی مسئلہ حل نہ ہوتو پنجاب بار کونسل کے توسط سے ہم سے رجوع کیا جائے ، میرے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میرا یقین ہے کہ ہمارا کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے سے ہم بیٹھ کر گفتوشنید سے حل نہیں کر سکتے۔

وکلاء قیادت نے فاضل چیف جسٹس کی تجویز سے اتفاق کیا۔بعد ازاں چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے ڈسٹرکٹ کورٹس راولپنڈی کا دورہ کیا اور وہاں موجود ضلعی عدلیہ کے ججز اور سٹاف سے ملاقات کی، فاضل چیف جسٹس نے ججز و سٹاف کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی، فاضل چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ کورٹس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔