پورے دین اسلام عقیدہ ختم نبوتؐ کے گرد گھومتا ہے،پیر سید سعادت علی شاہ

پیر 27 مارچ 2017 21:39

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) سجادہ نشین چورہ شریف پیر سید سعادت علی شاہ نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ؐدین کی اساس اور بنیاد ہے۔ اور پورے کا پورا دین عقیدہ ختم نبوتؐ کے ارد گرد گھومتا ہے۔عقیدہ ختم نبوت ؐ ہر مسلمان کی جان اور پہچان ہے۔ حضور اقدس ؐاللہ کے آخری نبی اور آخری رسول ہیں۔اس عقیدہ پر امت مسلمہ کے تمام افراد ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہیں۔

آپ ؐ کے بعد جو بھی نبوت کا دعویٰ کرے وہ کذاب اور دجال ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو اآستانہ عالیہ کوٹلی سیداں کے مفتی پیر سید عزیز الحسن گیلانی کے ہمراہ جامع مسجد اسلامیہ کوٹ دین محمد بدوملہی میں تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا انتظام بزم لبیک یا رسول اللہ ؐ چوراہیہ نوریہ بدوملہی نے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے صحابہ کرام ؓ نے جام شہادت نوش کیا اور اس کا تحفظ کا کام شفاعت محمدی کے حصول کا بہترین ذریعہ اور جنت کا آسان ترین راستہ ہے۔ کانفرنس کا آغاز حافظ محمد علی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت رسول مقبول ؐ کی سعادت شکیل احمد چوراہی نے حاصل کی۔ جب کہ نقابت کے فرائض حافظ محمد عثمان نقشبندی نے ادا کیے۔ علماء نے مزید کہا کہ سرور کائنات حضور ؐ کی حیات مبارکہ ہمارے لیے کام یاب زندگی گزارنے کا عملی نمونہ ہیں۔ تمام مسلمانوں کو ایک صف میں کھڑا ہو کر آپ ؐ کی تعلیمات پر صدق دل سے عمل پیرا ہونا ہو گا۔ کیونکہ اسی میں ہماری فلاح و بہبود کا راز مضمر ہے۔