ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے،سکندر شیرپائو

پیر 27 مارچ 2017 21:29

ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے،سکندر شیرپائو
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپائو کی زیر صدارت محکمہ آبپاشی کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار ،فنڈز کی نوعیت اور عوامی مفادات کے امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ آئندہ مالی سال کی محکمہ آبپاشی سے متعلق صوبہ بھر کی نئی سکیموں کی اجراء سے متعلق بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے سیکرٹری رشید خان سمیت محکمہ کے اعلیٰ افسروں ،تکنیکی ماہرین اور دوسرے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں موجودہ مالی سال کے دوران جاری 209منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جن میں سے 169سابقہ اور 40نئے منصوبے شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام جاری منصوبوں کیلئے ابھی تک 5886.789ملین روپے جاری ہو چکے ہیں جن میں سے 4504.518ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں جن کا تناسب 78.77فیصد ہے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے 194جاری منصوبوں کے علاوہ 13نئی سکیمیں شامل کرنے کا کام آخری مراحل میں ہے جبکہ مزید منصوبوں کو آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں ۔ اس موقع پر صوبے میں آبپاسی سے متعلق چند بڑے منصوبوں کو سی پیک کے تحت تعمیر کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں پیہور ہائی لیول کنال کی توسیع سمیت دوسرے منصوبوں پر غور ہوا جن کیلئے ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کے ساتھ امداد فراہم کرنے کا عمل آخری مرحلے میں ہے ۔

سینئر صوبائی وزیر نے صوبے کے مختلف علاقوں میں آبپاشی سے متعلق عوام کو درپیش اجتماعی مسائل کی بنیاد پر چند ایک بڑے منصوبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے محکمہ کے حکام کو ہدایت کہ انہیں بھی آئندہ سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔انہوں نے محکمہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ صوبے کے طول و عرض میں آبپاشی کے عوامی اور روایتی منصوبہ جات کو بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنائیں تاکہ عام کسانوں کو آبپاشی کیلئے پانی کی وافر مقدار میسر ہو سکے کیونکہ ہمار ے صوبے کی زیادہ تر آبادی کا دار و مدار زراعت پر ہے اور ان سکیموں سے چھوٹے کسانوں کو سب سے زیادہ فائد ہو گا۔