کرپشن کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے نہ صرف زیرو ٹالرنس بلکہ ضرب عضب جیسا جذبہ درکار ہے‘رفیق رجوانہ

کرپشن جیسے ناسور کو ختم کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار قومی فریضے کے طور پر ادا کرنا ہے،جُرم کتنا بڑا کیوں نہ ہوقانون کی گرفت سے نہیںبچ سکتا‘گورنر پنجاب کا نیب کے افسران کیلئے ’’سرٹیفائڈ وائٹ کالر کرائم انویسٹی گیٹر‘‘ کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 27 مارچ 2017 20:43

کرپشن کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے نہ صرف زیرو ٹالرنس بلکہ ضرب عضب جیسا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ کرپشن کو معاشرے سے ختم کرنے کے لئے نہ صرف زیرو ٹالرنس کی ضرورت ہے بلکہ ضرب عضب جیسا جذبہ درکار ہے، کرپشن جیسے ناسور کو ختم کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار قومی فریضے کے طور پر ادا کرنا ہے،جُرم کتنا بڑا کیوں نہ ہوقانون کی گرفت سے نہیںبچ سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور گیریژن یونیورسٹی کا شعبہ ڈیجیٹل فرانزک ریسرچ اینڈ سروس سینٹر نیب کے افسران کے لئے ’’سرٹیفائڈ وائٹ کالر کرائم انویسٹی گیٹر‘‘ کورس کے حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر لاہور گیریژن یونیورسٹی مئجر جنرل(ر) عبید بن زکریا ، کورس کے ٹرینر اور ڈائریکٹر ڈی۔

(جاری ہے)

ایف ۔آر۔ایس۔سی مسٹر کوکب جمال زبیری ، ڈپٹی جنرل پراسیکیوٹر اکاوئنٹ بلٹی خلیق الزمان اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قانون کوئی بُرا نہیں ہوتا صرف اس کے غلط استعمال پر اس کی حیت بدل جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں اگر ہم اپنے دلو ں کوخوف خدا سے آشنا کرلیںاور اپنی سوچ اور ذہنوں کو حق اور سچ کا خوگر بنالیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا مقصد بے گناہ اور معصوم لوگوں کو قانون کا تحفظ فراہم کرنا اور انہیں ایسا ماحول مہیا کرنا ہے کہ وہ باعزت اور بلاخوو خطر اپنی زندگی بسرسکیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں رشوت کو روکنے کے لئے تمام لوگوں کو اس کی حوصلہ شکنی کرنے ہوگی اور اپنے کام سرانجام دینے کے لئے غلط طریقوں کو اپنانے سے گریز کرنا ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم خصوصاً اختیارات کا ناجائز استعمال ، نہ صرف ادارے کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ پورے معاشرے کے لئے تباہ کن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کی روک تھام کے لئے جدید طریقہ تفتیش اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے لاہور گیریژن یونیورسٹی کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) عبید بن زکریا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے منفرد کورسز کا آغاز دوسرے تعلیمی اداروں کے لئے ایک مثال ہے جو ملک و قوم کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار اداکرے گا۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روز اول سے ان کا نصب العین باقی شعبوں کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں یونیورسٹی کو نا صرف ملک بلکہ خطے کے اہم تعلیمی اداروں کے معیار تک لانا ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنا ان کی اولیں ترجیح رہے گی۔اس موقع پر گورنر پنجاب کو ادارے کی جانب سے شیلڈ بھی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :