پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے نومنتخب تنظیم کے زیر اہتمام پہلا جنرل ورکر اجلاس

4اپریل کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے، اجلاس میں فیصلہ

پیر 27 مارچ 2017 19:54

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے نومنتخب تنظیم کے زیر اہتمام پہلا جنرل ورکر اجلاس کورنگی کراسنگ میں منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت ضلع صدر جاوید شیخ ، جنرل سیکریٹری چوہدری اصغر آرائیں اور سیکریٹری اطلاعات جانی میمن نے کی جبکہ خصوصی طور پر کراچی ڈویژن کے قائم مقام صدر وجنرل سیکریٹری سینیٹر سعید غنی نے کی۔

اس موقع پر سینیٹر سعید غنی نے اپنے خطاب میں نومنتخب تنظیم کے صدر،جنرل سیکریٹری اور اطلاعات سیکریٹری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم میں نظم وضبط کا خاص خیال رکھا جائے، سابقہ عہدیداران اور سینئر کا احترام اور ان کی رہنمائی حاصل کی جائے اور 4اپریل کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عوامی لیڈر تھے اور انہوں نے غریب اور محنت کشوں کے حق کیلئے آواز بلند کی تھی اسی لئے آج بھی عوام ان کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ مناتی ہے۔ اس موقع پر ضلع کورنگی کے صدر جاوید شیخ نے اپنے خطاب میں کارکنوں سے اس بات پر زور دیا کہ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی قائد عوام کی برسی کی تیاریاں کی جائے اور زیادہ سے زیادہ لوگ گڑھی خدا بخش میں شہدا جمہوریت کے مزار پر حاضری دیں۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری چوہدری اصغر آرائیں اور سیکریٹری اطلاعات جانی میمن نے بھی خطاب کیا۔