جان پر کھیل کر فورس کا وقار بلند کرنے والے اہلکارہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،سید اخترعلی غاہ

پیر 27 مارچ 2017 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) قائمقام انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا سید اختر علی شاہ نے کہا ہے کہ جان پر کھیل کر فورس کا وقار بلند کرنے والے اہلکارہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور اُن کی حوصلہ افزائی اور عزت افزائی کے لیے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں پچھلے دنوں گڑھی عطا محمد میں زمانہ بدنام رہزن اور ڈکیت ذبیخ اللہ کے ساتھ مقابلہ میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ نقد انعامات اور اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پولیس کو گھڑی عطا محمد میں مشہور ڈکیت اور رہزن ذبیح اللہ کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ جس پر پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے ملزم کو گرفتاری کے لیے کہا۔

(جاری ہے)

تاہم خطرناک ڈکیت ذبیح اللہ نے گرفتاری دینے کی بجائے پولیس پر فائرنگ کھول دی۔ پولیس کی جوابی کاروائی میں ملزم گولی لگنے سے جان بحق ہوگیا۔ ملزم سے ڈکیتی میں لوٹا ہوا دس تولے سونا، دو عدد گھڑیاں، ایک لاکھ روپے نقد، دو عدد موبائل فون اور ایک عدد کلاشنکوف اور ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوا تھا۔

ملزم ڈکیتی اور رہزنی کے کئی وارداتوں میں پشاور کے مختلف تھانوں کو مطلوب تھا۔ پہاڑی پورہ کے علاقے میں ملزم نے ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران فائرنگ کرکے ایک شخص کو شدید زخمی بھی کردیا تھا۔ ملزم نے ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں سے اہل پشاور کا جینا دوبھر کردیاتھا۔ عوام نے پولیس کی اس کاروائی کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔ قائمقام آئی جی پی نے پولیس پارٹی کے دلیرانہ اور جرات مندانہ اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں جان خطرے میں ڈال کر کامیابی اور فورس کا وقار بلند کرنے والوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی یقینی بنائی جائیگی۔

اور انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ آئندہ بھی جرائم پیشہ افراد کے خلاف اپنی کاروائیاں تیز کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کرنے کا سلسلہ جاری وساری رکھے۔ قائمقام آئی جی پی نے ڈی ایس پی سبرب فضل واحد، ایس ایچ اُو تھانہ بھانہ ماڑی عبدالعلی خان اور کانسٹیبلان امجد ،اورنگزیب اور شاہ خالد کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

متعلقہ عنوان :