صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مثالی اقدامات اٹھارہی ہے،،شاہ محمد وزیر

پی ٹی آئی کے کارکنان صحت انصاف کارڈ حقدار وں کو گھر گھر پہنچائیں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی

پیر 27 مارچ 2017 19:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے شعبہ صحت کو عوامی امنگوں کے مطابق فعال بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر مثالی اقدامات اٹھائے ہیں اور صحت انصاف کارڈ ز کی تقسیم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت بنوں میں ناظمین و نائب ناظمیں ، کونسلروں اور پاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا کہ صحت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسکی بہتری کے سلسلے میں حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاہم انہوں نے بلدیاتی نمائندوں اور پی ٹی آئی کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ صحت انصاف کارڈز کی شفاف تقسیم کو یقینی بناتے ہوئے بنوں کیلئے فراہم کردہ 64ہزار کارڈوں کو حقداروں کے گھر گھر پہنچائیں تاکہ اس منصوبے کے مطلوبہ مقاصد پورے ہو سکیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے اس موقع پر حلقہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار اور عوامی مسائل کے بارے میں بھی آگہی حاصل کی اور کہا کہ عوام کی خدمت ان کا مشن ہے اور اس سلسلے میں وہ تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں اس لئے ترقیاتی عمل میں جہاں کہیں رکاوٹیں درپیش ہوں تو ان کے علم میں لایا جائے تاکہ انہیں بروقت دور کیا جاسکے۔