حکومت پنجاب نے بین المذاہب ہم آہنگی ، رواداری اور مذہبی برداشت کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی ہے‘ رضا گیلانی

حکومت پنجاب نے مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھلائی اور خوشحالی کے لئے اقلیتی و انسانی حقوق کی وزارت قائم کردی ہے

پیر 27 مارچ 2017 19:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) حکومت پنجاب نے بین المذاہب ہم آہنگی ، رواداری اور مذہبی برداشت کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی ہے،اس حوالے سے بین المذاہب ہم آہنگی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے صوبائی سطح پر خصوصی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے ، یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں آباد تمام مذاہب کے ماننے والے یکساں طور پر قومی تعمیرو ترقی میںاپنا کردار ادا کررہے ہیں-ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے ایک مقامی ہوٹل میں امریکہ پاکستان بین المذاہب کنسورشیم کے چوتھے اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات موجودتھیں- اپنے کلیدی خطاب میں رضا گیلانی نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ پاکستان میں بسنے والا ہر شہری بلا امتیازرنگ و نسل ملکی ترقی میںشریک ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھلائی اور خوشحالی کے لئے اقلیتی و انسانی حقوق کی وزارت قائم کردی ہے -اس وزارت کے پلیٹ فارم سے اقلیتی برادری کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم سمیت سماجی بھلائی اور خوشحالی کے منصوبوں میں مذہبی اقلیتوں کو یکساں طور پر شامل کیا گیا ہے -دوسری جانب یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی سرزمین صدیوں سے رواداری اور برداشت کا مظہر رہی ہے - ٹیکسلا میں بدھ مت کے آثار اور ہندوؤں کے تاریخی و مذہبی کٹاس راج کی موجودگی سمیت سکھ برادری کے مقدس مذہبی مقامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہمارے خطہ میں مذہبی رواداری پر مبنی سماجی رویوں کو ہمیشہ عروج رہا ہے - صوبائی وزیر رضا گیلانی نے مزید کہا کہ فروغ تعلیم سے انسانیت سے پیار اور بھلائی کے رویوں کو مزید تقویت ملی ہے ، پاکستان میں آباد تمام مذاہب کے ماننے والے قومی ترقی میں اپنا کرداربھرپور انداز سے ادا کررہے ہیں -تقریب سے مختلف سکالرز نے بھی خطاب کیا اوربین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :