عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ، ملک محمد افضل کھوکھر

پیر 27 مارچ 2017 18:30

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء)چیئرمین کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمیٹی ماڈل بازار پنجاب ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں اور ماڈل بازاروں کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس وژن کا آ ئینہ دار ہے کہ عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ وہ کمشنر آفس میں ڈویژن بھر میں مویشی منڈیوں او رماڈل بازاروں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

اجلاس میں ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان او رایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز کے علاوہ چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ سرگودہا ڈویژن کی مویشی منڈیوں میں بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جارہاہے جبکہ مزید گرانٹ کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مویشی منڈیوں میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاگیاہے جس سے خرید اور فروخت کندگان کو ریلیف مل رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مویشی منڈیوں کے قیام سے خرید او رفروخت کندگان کے درمیان مڈل مین کی حوصلہ شکنی بھی ہوئی ہے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیاکہ سرگودہا میں بھلوا ل ‘ سلانوالی اور سیال موڑ ‘ خوشاب میں مین راولپنڈ ی روڈ ‘ بھکر میں سراج مہاجرین ‘ سٹی ‘ چاندنی چوک دریاخان اور سگہ شمالی جبکہ میانوالی میں میلہ گراؤنڈ ‘پپلاں ‘ کمرمستانی ‘ واں بھچراں اور بن حافظ جی میں مویشی منڈیوں کا قیام عمل میں لایاجاچکاہے ۔

ملک افضل کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ ماڈل بازار اور مویشی منڈیوں کے قیا م کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے او را س میں کوئی کوتائی یاکرپشن برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اجلاس میں سرگودہا ڈؤیژن میں قائم ماڈل بازاروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ جوہر آباد میںماڈل بازار کامنصوبہ آخری مرحلے میں داخل ہو چکاہے جس کا افتتاح 10اپریل تک متوقع ہے ۔ چیئرمین ماڈل بازار ملک افضل کھوکھر نے ان بازاروں میں شہریوں کے لئے سہولیات کی زیادہ سے زیادہ فراہمی کو یقینی بنانے اور دکانوں کی الاٹمنٹ کے عمل کو شفاف بنانے کی ہدایت کی۔