سرگودھا، وسائل کی عدم دستیابی ، درباروں کے سکیورٹی اقدامات اپ ڈیٹ ہوئے نہ حساس اداروں کی سفارشات پرعملدرآمد ہو سکا

پیر 27 مارچ 2017 18:25

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) وسائل کی عدم دستیابی کے باعث سرگودھا ریجن میں درباروں کے سکیورٹی اقدامات اپ ڈیٹ کئے جا سکے اور نہ ہی حساس اداروں کی سفارشات پرعملدرآمد یقینی بنایا جا سکا،ذرائع کے مطابق حساس ادارے کی طرف سے گزشتہ ڈیڑھ سال سے اپنی ماہانہ انسپکشن رپورٹس میں سرگودھا ریجن کے تمام درباروں کے حفاظتی انتظامات انتہائی غیر تسلی بخش اور رسک قرار دینے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی لیپس کی نشاندہی بھی مسلسل کی جارہی ہے ،ان سکیورٹی لیپس کو دور اور حفاظتی انتظامات کو اپ ڈیٹ کرنا سول ایڈمنسٹریشن اور محکمہ اوقاف کی ذمہ داری ہے مگر اس سلسلہ میں عملدرآمد کا فقدان باعث تشویش بنتا جا رہا ہے بالخصوص سانحہ سیہون شریف کے بعد وزارت داخلہ پنجاب کی طرف سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیاگیا ،سرگودھاریجن میں 65خانقاہیں ہیں جن کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پیپر ورک مکمل ہونے کے باوجودفنڈز اوردیگر وسائل کی عدم دستیابی ایک مسئلہ بن کر رہ گئی ہے اور ایک دوسرے پر ذمہ دار ی عائد کرنے کی روش بھی صورتحال کو گھمبیر بنا رہی ہے ،گزشتہ روز اس ضمن میں حساس ادارے نے ایک مرتبہ پھر وزارت داخلہ کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے خانقاہوں پر حفاظتی انتظامات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کسی بھی وقت سانحہ کا اندیشہ ظاہر کیا ہے ۔