بینک الفلاح نے اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے الہدیٰ سینٹر آف اسلامک بینکنگ اینڈ اکنامکس کے ساتھ شراکت داری قائم کرلی

پیر 27 مارچ 2017 17:50

بینک الفلاح نے اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے الہدیٰ سینٹر آف اسلامک ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) پاکستان کے ممتاز بینکاری ادارے بینک الفلاح نے ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اسلامی مالیاتی انڈسٹری کے لیے افرادی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے عالمی سطح پر قائدانہ مقام رکھنے والے ادارے الہدیٰ سینٹر آف اسلامک بینکنگ اینڈ اکنامکس کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ طے کرلیا ہے۔

اس ضمن میں دونوں اداروں کے مابین طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت اسلامی بینکاری کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پہلے سے زیادہ مربوط انداز میں ترویج اور ترقی کے لیے گیٹ وے کا کردار ادا کرے گی۔ اس شراکت داری کے تحت مشترکہ مشاورتی خدمات، فیکلٹی ایکس چینج پروگرام، شراکتی تربیت اور سیمینار اور قومی و بین الاقوامی سطح پر مشترکہ ان ہائوس سیشنزکا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس شراکت داری کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے بینک الفلاح لمیٹڈ کے ہیڈ آف ڈیولپمنٹ ڈویژن احمد نعمان انیس نے کہا کہ ’’ہم پاکستان میں اسلامی مالیات اور بینکاری کے شعبے کی ترقی کے لیے دنیا کے سرفہرست اسلامی مالیاتی ادارے کے ساتھ شراکت داری پر بے حد مسرور ہیں۔ میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اسلامی مالیاتی شعبے میں افرادی قوت کی بہتری کے لیے نئے راستے تلاش کرنے میں خصوصی دلچسپی لینے پر الہدیٰ سی آئی بی ای کے سی ای او زبیر مغل کا ذاتی طور پر شکر گزارہوں۔

‘‘ احمد نعمان انیس نے افرادی قوت کی بہتری کے لیے بینک کے ہیومن ریسورس اینڈ لرننگ گروپ (ایچ آر ایل جی) کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے 2017 اور مستقبل کے روڈ میپ کی تفصیلات بھی فراہم کیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے الہدیٰ سی آئی بی ای کے سی ای او زبیر مغل نے کہا کہ ’’ہم ملک میں اسلامی مالیات کی ترقی کے لیے پاکستان کے ممتاز بینکاری ادارے بینک الفلاح کے ساتھ شراکت داری پر بے حد خوش ہیں۔

یہ شراکت داری ہماری بین الاقوامی مہارت، تحقیق، صلاحیتوں کی بہتری سے متعلق خدمات اور تربیت کی فراہمی کے ذریعے اسلامی مالیاتی اداروں کو بینکاری، فنانس اور مائیکروفنانس کے شعبوں کی ترقی کے لیے معاونت اور افرادی قوت کی بہتری کے ہمارے مشن کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔الہدیٰ سینٹر آف اسلامک بینکنگ اینڈ اسلامک اکنامکس اسلامک فنانشل پراڈکٹ ڈیویلپمنٹ، تعلیم، تربیت اور آگہی فراہم کرنے والا عالمی ادارہ ہے۔ اس ادارے کے تحت اسلامی بینکاری، اسلامی بینکوں کے لیے تکافل اور سکوک کے بارے میں تربیتی سیشنز کے انعقاد کے ساتھ اسلامی بینکاری اور مالیات کے بارے میں مشاورت بھی فراہم کی جاتی ہے۔