آئندہ سال اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا، سی پیک کے ذریعے ملک میں معاشی اور علمی انقلاب آئے گا، ملک کے مستقبل اور ترقی سے متعلق اہداف پرمبنی تحقیق وقت کا تقاضا ہے

وفاقی وزیر احسن اقبال کا چین کے سفیر سن وی ڈونگ کے ہمراہ تقریب سے خطاب

پیر 27 مارچ 2017 17:28

آئندہ سال اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا، سی پیک کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ سال اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا، سی پیک کے ذریعے ملک میں معاشی اور علمی انقلاب آئے گا، ملک کے مستقبل اور ترقی سے متعلق اہداف پرمبنی تحقیق وقت کا تقاضا ہے۔ وہ پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ کے ہمراہ سی پیک سینٹر فار ایکسلینس کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطابنکر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج سی پیک کے اہم ریسرچ سینٹر کا افتتاح ہوا ہے، ریسرچ سے معیاری ترقی کا فروغ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ 21 ویں صدی ایشیا اور چین کی صدی ہے، سی پیک سے خطے میں پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری امن کی راہداری ہے اور یہ مرکز اس منصوبے پر عملدرآمد میں مصروف عمل اداروں کو مربوط بنائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مرکز کا مقصد چین پاکستان اقتصادی راہداری کے چھ اہم شعبوں میں تحقیق کو فروغ دینا ہے جن میں منصوبے کے سماجی و اقتصادی اثرات، تجارتی اور صنعتی ترقی، علاقائی روابط، معاشی استحکام، شہری ترقی اور منصوبے سے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع شامل ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت متعدد منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا اور ہم مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرکے توانائی کی قلت پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان اورچین کے درمیان باہمی احترام، تعاون اورشراکت داری پر مبنی دوستی کی علامت ہے۔ چین اور پاکستان ایک دوسرے پر معاشی اور سیاسی طور پر اعتماد کرتے ہیں، دونوں ممالک کی لیڈر شپ کی کاوشوں سے سی پیک کا آغاز ہوا ہے،سی پیک کے تحت توانائی انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان میں معاشی سر گرمیاں بڑھیں گی، عالمی اداروں کے مطابق پاکستان دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے۔

متعلقہ عنوان :