پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان افواج کی تربیت اور دفاعی سامان کی خرید و فروخت سمیت دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے معاہدہ طے پاگیا

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مقاصد سے آگاہ کیا ہتھیاروں اور اسلحے کی خرید و فروخت کے لیے مغرب پر انحصار کم اور جنوبی افریقہ جیسے دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھا رہے ہیں ،ْوزیر دفاع

پیر 27 مارچ 2017 17:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان افواج کی تربیت اور دفاعی سامان کی خرید و فروخت سمیت دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے معاہدہ طے پاگیا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے معاہدے کی تقریب وزارت دفاع راولپنڈی میں ہوئی جہاں دونوں ممالک کے وزراء دفاع نے یاداشتوں پر دستخط کیے۔

معاہدوں میں تربیتی پروگرام ،ْدفاعی سامان کی خریدوفروخت سمیت دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ ڈیفنس کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق ہوگیا۔جنوبی افریقہ کی وزیر دفاع این این ماپیسا نقاکولا نے جے ایف 17 اور سپر مشاق طیاروں کی خریداری میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مقاصد سے آگاہ کیا اور بتایا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں پاکستان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہتھیاروں اور اسلحے کی خرید و فروخت کے لیے مغرب پر انحصار کم اور جنوبی افریقہ جیسے دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھا رہے ہیں۔علاوہ ازیں جنوبی افریقی وزیردفاع نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔