مہران یونیورسٹی جامشورو،نئے فیکلٹی ممبر اساتذہ کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے 4 روزہ تربیتی پروگرام شروع

پیر 27 مارچ 2017 16:56

مہران یونیورسٹی جامشورو،نئے فیکلٹی ممبر اساتذہ کے لیے ہائر ایجوکیشن ..
حیدرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء)مہران یونیورسٹی جامشورو کی آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اورک) کی جانب سے نئے فیکلٹی ممبر اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے 4 روزہ تربیتی پروگرام شروع ہوگیا ہے۔ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ ماضی میں استاد کو عقل کل سمجھا جاتا تھا جو ہر علم سے باخبر ہوتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہے ہر روز نت نئی اکیڈمک اور ٹیکنالوجی کی تبدیلیوں کی وجہ سے اساتذہ کو بھی اپنی معلومات اور صلاحیتوں کو روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کرنا پڑتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ پر ہر مواد موجود ہے اور استاد کو چاہئے کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں مہارت حاصل کریں ، انہوں نے کہا کہ یہ ضروری نہیںہے کہ ہر اچھا انجینئر اچھا استاد بھی بنے، اچھے استاد ہونے کے لئے بہترین ٹیچنگ کا فن آنا لازمی ہے اس کے لئے آپ کو علم کے لئے دیوانگی تک جانا پڑیگا تب جا کر وہ آپ غیر روائتی استاد ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی نے کہا کہ استاد ہونا صرف تھیوری نہیں بلکہ یہ ایک آرٹ ہے، استاد کو اپنے طلبہ کے دماغ تک رسائی کرنا ہوگی اور یہ نہ بھولیں کہ طلبہ کو کچھ نہیں آتا جبکہ وہ ذہین اور الرٹ ہوتا ہے اور آپ کو بھی الرٹ رہنا ہوگا۔

ڈائریکٹر اورڈاکٹر انعام اللہ بھٹی نے تربیتی پروگرام کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ نئی فیکلٹی ممبروں نے اس تربیتی پروگرام میں سے کافی کچھ سیکھا ہوگا اور وہ اپنی پیشہ ورانہ تدریسی صلاحتیوں میں مزید اضافہ کریں گے۔