بی جے پی کے رکن اسمبلی نے ممبئی میں جناح ہائوس گرا کر اسکی جگہ کلچرل سنٹر تعمیر کرنے کا مطالبہ کردیا

محمد علی جناح کی رہائش گاہ ہی وہ جگہ ہے جہاں تقسیم کی سازش رچی گئی تھی،جناح ہائوس تقسیم کی علامت ہے اسکے ڈھانچے کو منہدم ہونا چاہیے،منگل پربھات لودھا کا قانون ساز اسمبلی میں خطا ب

پیر 27 مارچ 2017 16:54

بی جے پی کے رکن اسمبلی نے ممبئی میں جناح ہائوس گرا کر اسکی جگہ کلچرل ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) بھارتی حکمران جماعت (بی جے پی )کے رکن قانون ساز اسمبلی منگل پربھات لودھا نے ممبئی میںواقع قائد اعظم محمد علی جناح کی رہائش گاہ کو گرا کر اسکی جگہ کلچرل سنٹر تعمیر کرنے کا مطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی ) کے بجٹ مطالبات پر قانون ساز اسمبلی میں خطا ب کرتے ہوئے منگل پربھات لودھا نے کہاکہ جنوبی ممبئی میں واقع قائد اعظم محمد علی جناح کی رہائش گاہ ہی وہ جگہ ہے جہاں تقسیم کی سازش رچی گئی تھی۔

جناح ہائوس تقسیم کی علامت ہے اسکے ڈھانچے کو منہدم ہونا چاہیے۔منگل پربھات نے مزید کہاکہ پارلیمنٹ کی طرف سے دشمن پراپرٹی ایکٹ منظور ہونے کے بعد جناح ہائوس بھارتی حکومت کی ملکیت تھا اس عمارت کو گرانا ہی واحد راستہ ہے ۔پی ڈبلیو ڈی عمارت کی دیکھ بھال اور بحالی کی ذمہ دار ہے اور اس پر لاکھوں روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔انکا کہنا تھاکہ دشمن پراپرٹی ایکٹ کی منظوری کے بعد جناح کے ورثاء جناح ہائوس کا دعویٰ نہیں کرسکتے ۔