وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے جنوبی افریقہ کی وزیر دفاع کی ملاقات

دوطرفہ تعلقات ،خطے کی سکیورٹی صورت حات سمیت باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال

پیر 27 مارچ 2017 16:45

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے جنوبی افریقہ کی وزیر دفاع کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) وفاقی وزیر برائے دفاع پیداوار رانا تنویر حسین سے جنوبی افریقہ کی وزیر دفاع مپسیہ نقالولہ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ۔ جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی سکیورٹی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ باہمی دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان پیر کے روز یہاں اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں جنوبی افریقی وزیر دفاع نے پاکستان کی سکیورٹی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا اور امن کے قیام کی بحالی کو ملک کی دیرپا اور پائیدار ترقی کے لئے خوش آئندہ قرار دیا ۔

مپسیہ نقاکولہ نے کہا کہ پاکستان بھرپور دفاعی صلاحیت کا حامل ملک ہے جس کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانی و مالی قربانیاں دے کر دہشتگردوں کی کمر توڑ دی اور قیام امن کو ممکن بنایا ملک کے لئے ان قربانیوں پر پاکستانی عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال میڈیا پر آنے والی اطلاعات سے بہت مختلف ہیں میڈیا پر حالات انتہائی خراب دکھائے اور بتائے جاتے ہیں حالانکہ امن کی صورت حال بہت اچھی ہے اور اسلام آباد کے حالات دیکھ کر اس حوالے سے دلی اطمینان ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایمبیسی میں ڈیفنس اتاشی بھی تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ باہمی تعلقات کو پروان چڑھانے میں مدد مل سکے ۔ رانا تنویر حسین نے پاکستان میں قیام امن کی صورت حال پر اطمینان ظاہر کرنے کے حوالے سے جنوبی افریقی وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا جبکہ پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کے جذبے اور اقدام کو سراہا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی منڈی میں پاکستان جے ایف سترہ تھنڈر اور سپر مشتاق طیاروں کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے اور جنوبی افریقہ بھی پاکستان کی دفاعی پیداوار کی صلاحیت سے استعفادہ کر کے اپنی دفاع کو مضبوط بنا سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :