بھارت نے اوآئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ کشمیر میں جانے سے روک کر اپنا اصل چہرہ بے نقاب کر لیا ہے ،ْنور الباری

کشمیر ی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ،ْ اجلاس سے خطاب

پیر 27 مارچ 2017 16:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ بھارت نے اوآئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ کشمیر میں جانے سے روک کر اپنا اصل چہرہ بے نقاب کر لیا ہے،اس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیرکو فوجی چھاونی اور جیل میں تبدیل کررکھا ہے فوج کو لا محدود اختیارات دے رکھے ہیں جن کی آڑ میں وہ انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں میں ملوث ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر قابض بھارتی فوجی پیلٹ گنوں سے نوجوانوں کو بینائی سے محروم کررہی ہے خواتین کی بے حرمتی کے ساتھ ساتھ لوٹ مار کا بازار گر م کررکھا ہے انہوں نے کہا کہ عالمی اور اسلامی ممالک کو اس کا نوٹس لینا چاہیے انسانی حقوق اور جمہوریت کے چمپئن یہاں کیوں خاموش ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیر ی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ انتہا پسند اور دہشت گرد مودی او ر اس کی پارٹی نے گجرات میں پھر مسلم کش فسادات شروع کروا دئیے ہیں صوبوں اور ریاستوں میں متشدد لوگوں کو اقتدار دیا جارہا ہے جو اس بات کی غمازی کررہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مسلمانوں کے خلاف ایک اور قتل و غارت کی لہر شروع ہو نے والی ہے عالمی برادری اس کا بھی نوٹس لے اور ہندوستان پر دبائو بڑھائے کہ وہ انسانیت اور مسلمانوں کے خلاف اقدامات سے باز رہے ۔