کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ اور سود کے خلاف فیڈرل شریعت کور ٹ میں جدوجہد کررہے ہیں ،ْسراج الحق

کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ سے ایسے فیصلے کے منتظر ہیں جس سے کرپٹ اشرافیہ کے ہاتھوں میں ہتھکڑی اور سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کی راہ ہموار ہوسکے۔5 ،ْ6ہزارافراد کوجیلوں میں ڈالنے سے عوام کے خون پسینے کی کمائی برآمدہوتی ہے تویہ مہنگا سودانہیں،امیر جماعت اسلامی سراج الحق

پیر 27 مارچ 2017 16:07

کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ اور سود کے خلاف فیڈرل شریعت کور ٹ میں جدوجہد ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینٹرسر اج الحق نے کہاکہ ہم کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ اور سود کے خلاف فیڈرل شریعت کور ٹ میں جدوجہد کررہے ہیں،کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ سے ایسے فیصلے کے منتظر ہیں جس سے کرپٹ اشرافیہ کے ہاتھوں میں ہتھکڑی اورانھیں سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کی راہ ہموار ہوسکے۔

5,6ہزارافراد کوجیلوں میں ڈالنے سے عوام کے خون پسینے کی کمائی برآمدہوتی ہے تویہ مہنگا سودانہیں ،حکومت بتائے کہ تعلیم کیلئے مختص 2.42فیصدبجٹ میں مدارس کے 31لاکھ طلبہ کیلئے کتنا حصہ ہے ۔ان خیالات کااظہارانھوں نے جامعہ حدیقتہ العلوم المرکزاسلامی میں منعقد تقریب ختم بخاری وتقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیرصوبہ خیبرپختونخوامشتاق احمد خان ،صدرجمعیت اتحاد العلماء خیبرپختونخوامولانا عبدالاکبرچترالی ودیگرعلمائے کرام نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیرجماعت اسلامی نے فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کیں۔سینیٹرسرا ج الحق نے کہا کہ 295-Cکے قانون میں تبدیلی کے خلا ف آخری حد تک جائیں گے اگرحکومت نے توہین رسالتﷺکی سزاموت کے قانون میںترمیم کا سوچا بھی تو وہ حکومت کا آخری دن ہوگا ناموس رسالت ﷺکے تحفظ کیلئے جان قربان کرنا ہمارے لئے فخرکا باعث ہے ۔ انھوں نے کہاکہ طلبہ کومعاشرے میں رسم ورواج ،شیطان اور دجالی چیلنجزکا سامناہوگا ایسے حالات میں ان کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں ،قیام پاکستان کے لئے علماء کرام اور دینی مدارس کا بہت اہم کردارہی23مارچ 1940ء کو قراردادمقاصدپیش کرنے والا مولوی فضل حق آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈگری ہولڈرنہیں تھا اسی طرح قائداعظم کے کہنے پر پاکستان کا سبزہلالی پرچم لہرانے والے بھی ایک عالم دین شبیراحمدعثمانی تھے۔

انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی حکومت قائم ہوئی تو ہم سیکورٹی اور دفاع کے بعد سب سے زیادہ بجٹ تعلیم کے لئے مختص کریں گے اساتذہ کوعزت وتوقیر اور ہرپاکستانی کومفت تعلیم دیں گے ہمارے پاس تعلیم کیلئے مکمل ایجنڈاہے ہم یونیورسٹیزاورمدارس کا نصاب تعلیم اس اندازمیں بنائیں گے کہ مدرسے سے فارغ التحصیل طلبہ کویونیورسٹی اور یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبہ کو مدرسے کی تعلیم کی ضرورت محسوس نہ ہواس وقت 16لاکھ طالبات بھی مدارس کے ذریعے تعلیم حاصل کررہی ہیں،موجود ہ حکمران تعلیم کی ترقی اس لئے نہیں چاہتے کہ ان کے بچے لند ن اوربیرون ممالک میں زیرتعلیم ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ اس خطے کوچرچل نے فتح کرنے کی کوشش کی تواسے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن کرپٹ اشرافیہ نے اس وقت بھی غلامی کوترجیح دیتے ہوئے اس کااستقبال کیا تھا ۔امریکہ او رعالمی استعمارکوہمارے ایٹم بم اور جہازوں سے زیاد ہ قرآن کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ سے اس لیے خطرہ ہے کہ یہ کرپٹ خوانین اورجاگیرداروں کی طرف بکنے اور جھکنے والے نہیں ہوتے ۔

انھوں نے کہاکہ مغرب کا خاندانی نظام تباہ ہوچکاباپ کا بیٹے سے کوئی تعلق نہیںہم پاکستان میں ایسے طاغوتی نظام کی بجائے اسلامی نظام کا قیام چاہتے ہیں خلافت راشدہ کے نظام کے قیام کیلئے علماء کرام ہماراساتھ دیں ۔انھوں نے کہاکہ اسلامی پاکستان میں بنگلوں اور محلات کی بجائے مساجد کوفلاحی مراکزبنائیں گے عوام کولاکھوں روپے خرچ کرکے عدالتوں کی ذریعے انصاف کیلئے بھاگنے کی بجائے مساجد اوراسلامی مراکزسے انصاف ملے گا مدینہ کی اسلامی ریاست ہمارے لئے نمونہ ہے ۔انھوں نے کہاکہ 28مارچ کو مرکزی ذمہ دارن کا اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں موجود ہ سیاسی صورتحال ،سوداورکرپشن کے خلاف جاری تحریک کے سلسلے میںآئندہ کالائحہ عمل طے کریں گے ۔