نظام تعلیم کی بہتری اور کوالٹی آف ایجوکیشن میں اضافے کیلئے محکمہ تعلیم میں تقرریاں این ٹی ایس کے ذریعے کرنا کا فیصلہ کیا

وزیرتعلیم بیرسٹرافتخار علی گیلانی

پیر 27 مارچ 2017 15:59

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) آزادحکومت ریاست جموںوکشمیر کے وزیرتعلیم بیرسٹرافتخار علی گیلانی نے کہاہے کہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی سب سے پہلے نظام تعلیم کوبہتربنانے اور کوالٹی آف ایجوکیشن کو بڑھانے کے لیے محکمہ تعلیم میں تقرریاں این ٹی ایس کے ذریعے کرنے کافیصلہ کیاہے جس سے اہل لوگ آگے آئیں گے۔ ہماری حکومت تعلیمی اداروں سے ہرقسم کی سیاسی مداخلت ختم کررہی ہے تعلیمی اداروں اور تعلیم سے وابستہ افراد سے صرف اور صرف علم کے فروغ کاہی کام لیں گے۔

آزادکشمیرمیں ٹیچرٹریننگ کابھی اہتمام کررہے ہیں۔ مسٹ یونیورسٹی تعلیمی معیار کومزید آگے بڑھائے اورنئی نسل کو دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرے۔ مسٹ یونیورسٹی کی W رینکنگ میں شمولیت اچھااور اہم شگون ہے جس پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرراجہ حبیب الرحمان ، یونیورسٹی فیکلٹی اورطلباء وطالبات مبارک باد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ ترقی کے دور میں کوالٹی آف ایجوکیشن کے بغیرآگے نہیں بڑھاجاسکتااورنہ ہی بین الاقوامی چیلنجوں کامقابلہ کیاجاسکتاہے ۔

دنیاکی ترقی میںشامل ہونے کے لیے جدیدعلوم کی ضرورت ہے۔ تعلیم کاحصول صرف نوکریوں اورپیسے کے لیے نہیں بلکہ علم حاصل کرکے اس کافائدہ لوگوں اور ریاست کوملناچاہیے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے مسٹ یونیورسٹی کی 9 ویں سالگرہ کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رجسٹرار مسٹ یونیورسٹی انجینئرمحمدوارث جرال، ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹرریحانہ اصغر، ڈین آرٹس پروفیسر ڈاکٹرمقصود احمد، ڈائریکٹر فنانس ظفراقبال چوہدری ، شہزادہ مسعود الحسن، شاہد امین، ڈپٹی ڈائریکٹرفنانس صاحبزادہ محمدزاہد، مختلف شعبوں کے چیئرمین،ڈین حضرات، فکیلٹی ممبران اورطلباء وطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

آزادکشمیرکے وزیرتعلیم بیرسٹرافتخار علی گیلانی نے کہاکہ موجودہ حکومت کی طرف سے محکمہ تعلیم میں جواصلاحات لائی جارہی ہیں اس سے کوالٹی آف ایجوکیشن میں بہتری آئے گی۔ تعلیمی اداروں کاوقار بڑھے گا اور ان پرعوام کااعتماد بحال ہوگا۔ گذشتہ 15-20 سالوں سے حکومت کی محکمہ تعلیم میں سیاسی مداخلت سے پورا تعلیمی نظام خراب ہوگیا۔ پرائمری تعلیمی اداروں کامعیار خراب سے خراب ہے جب تک پرائمری کی سطح پرتعلیمی نظام ٹھیک نہیں ہوگا اس وقت تک معیار تعلیم میں بہتری نہیں آسکتی۔

انھوں نے کہاکہ حکومت ٹیچرٹریننگ کروائے گی تاکہ جدیدسلیبس کی تربیت طلباء وطالبات کودورجدید کے تقاضوں کے مطابق دی جاسکے۔ انھوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم میں تمام نئی بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ اوراین ٹی ایس کے ذریعے ہونگی۔ اب پڑھے لکھے اور اہل لوگوں کاکوئی استحصال نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ تعلیمی نظام میں خرابیوں کے دیگراسباب بھی ہیں جس کی وجہ سے نظام تعلیم خراب ہے۔

نظام تعلیم کوبہتربنانے کے لیے شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد کو کلیدی کرداراداکرناہوگااور اس کے لیے حکومت ہرقسم کابولڈ سٹپ لینے کے لیے تیارہے۔ انھوں نے کہاکہ تعلیمی ترقی اور کوالٹی آف ایجوکیشن کوبڑھانے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بلاتخصیص معاشرے کے ہرفرد کوفائدہ ہوگا۔انھوں نے اساتذہ اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران سے کہاکہ وہ دورجدیداورعصرحاضرکے تقاضوں کے مطابق تعلیمی تربیت دینے کے لیے اپناکلیدی کرداراداکریںتاکہ نئی نسل ملک اورقوم کی بھاگ دوڑ سنبھال سکے اور دنیاکے ممالک سے مقابلہ کرنے کے چیلنجوں سے بھی نبرد آزما ہوسکے ۔

انھوں نے کہاکہ طلباء وطالبات میں علم کے شوق اور دلچسپی کوبڑھایاجائے ۔ انھوں نے یونیورسٹی کی 9 ویں سالگرہ پریونیورسٹی کے جملہ سٹاف کومبارکباد دی اورنیک خواہشات کااظہارکیا۔وائس چانسلر میرپوریونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (مسٹ) پروفیسر ڈاکٹرراجہ حبیب الرحمان نے سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسٹ یونیورسٹی حکومت آزادکشمیر کے تعلیمی ویژن ، میرٹ کے قیام اور ہدایات کے مطابق کوالٹی آف ایجوکیشن کوبڑھارہی ہے۔

حکومتی تعلیمی پالیسی کوہرحال میں فالو کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی طرف سے محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے ذریعے تقرریوں اورغیرجانبدارپبلک سروس کمیشن کی تشکیل نوکے باعث اعلیٰ تعلیم یافتہ طلباء وطالبات میں خوشی کی لہردوڑ آئی ہے جس سے اہل طلباء وطالبات کامستقبل روشن ہوگااور انھیں سرکاری نوکریوں اورترقی میںیکساں مواقع ملیں گے۔

انھوں نے کہاکہ مسٹ یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹ میں اس وقت 5000 کے قریب طلباء وطالبات علم حاصل کررہے ہیں جن شعبہ جات میں معیار تعلیم میں کمی اور کمزوری ہے اسے دورکیاجارہاہے۔ ہماری کوشش ہے کہ مسٹ آزادکشمیر کی نہیں بلکہ پاکستان بھرکی بہترین اورمثالی یونیورسٹی ہو۔ اس موقع پرانھوں نے مسٹ یونیورسٹی کی سالگرہ کاکیک کاٹا۔بعد ازاں وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن نے وزیر تعلیم سیدافتخارعلی گیلانی کو یونیورسٹی کے بارے میں بریفیگ دی۔

جس میں جڑی کس پرواجیکٹ،محکمہ پولیس کے ساتھ ڈرا ئیونگ لائسنس کا اجزاء،محکمہ تعلیم کالجزکیلئے ویب پوٹل سافٹ وئیر کے متعلق بتایا۔محکمہ تعلیم کالجز کے ہونے والے معاہدہ میں وزیر تعلیم سید افتخار علی گیلانی نے گہری دلچسپی لی اور یقین دہانی کروانی کہ اس عمل کو جلد از جلد مکمل کیاجائے۔وزیر تعلیم نے یونیورسٹی کی بہتر تعمیر و ترقی پر وائس چانسلرکو مبارک باد پیش کی ۔