اٹک ضلعی تعلیمی جائزہ کمیٹی کااجلاس

پیر 27 مارچ 2017 15:55

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) ضلعی تعلیمی جائزہ کمیٹی کا ایک اجلاس ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن اٹک عبدالشکور انجم ، ڈی ایم او فاروق اکمل کے علاوہ ضلع بھر کے ڈسٹرکٹ آفیسرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اساتذہ کی حاضری ، طلباء کی حاضری ، اساتذہ کی کارکردگی اور سالانہ نتائج پر تفصیلی بحث کی گئی ۔

اجلاس میں ضلع بھر کے سکولوںمیں ناکافی سہولیات کے حوالے سے بھی بحث کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب ضلع بھر میں تعلیمی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات کررہی ہے اور اس ضمن میں ضلع بھر کے افسران کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے محکمہ تعلیم کے افسران پر زور دیا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات پر جاری ہونے والے یونیورسل پرائمری ایجوکیشن اور یونیورسل سیکنڈری ایجوکیشن پروگرام کے سلسلے میں اپنا خصوصی کردار ادا کریں تمام افسران گھر گھر جاکر والدین کو اس بات پر آمادہ کریں کہ وہ اپنے بچوں کو سکول بھیجیں جہاں پر ان کی بہتر تعلیم و تربیت کا انتظام کیا جاسکے۔

ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلع بھر میں سکولوں کی کارکردگی ، اساتذہ اور طلبا کی حاضری کو روزانہ کی بنیاد پر مانٹرنگ آفس کے ذریعے جانچا جارہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرکے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران کو ارسال کی جارہی ہے۔ ناکافی سہولیات کے حوالے سے اجلاس سے بات کرتے ہوئے ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ ضلع بھر میں سکولوں میں سہولیات کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جارہا ہے اور اس کے ساتھ سٹاف کی کمی کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے نیا سٹاف بھرتی کیا جارہا ہے۔ انہوںنے تمام افسران پرزور دیا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعلیمی روڈ میپ کے تحت اساتذہ کی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور ضلع اٹک کو دیئے گئے تعلیمی اہداف جلد از جلد حاصل کیے جائیں۔