سندھ کابینہ نے الطاف حسین یونیورسٹی کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دیدی

کراچی اور حیدر آباد میں الطاف حسین کے نام پر بننے والی جامعات فاطمہ جناح کے نام سے منسوب کر دی گئیں

پیر 27 مارچ 2017 15:50

سندھ کابینہ نے الطاف حسین یونیورسٹی کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دیدی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) سندھ کابینہ نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے نام پر بننے والی یونی ورسٹیوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دیدی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بہت سے اہم فیصلے کئے گئے جس میں سے ایک انتہائی اہم کراچی اور حیدر آباد میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے نام سے منسوب یونی ورسٹیوں کے نام کی تبدیلی کے حوالے سے بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

سندھ کابینہ نے اجلاس میں الطاف حسین یونی ورسٹی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی جس کے بعد کراچی اور حیدر آباد میں الطاف حسین کے نام سے منسوب یونی ورسٹیوں کے نام تبدیل کر کے فاطمہ جناح یونی ورسٹی رکھ دیا گیا صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ اسمبلی سے بھی الطاف حسین یونی ورسٹی کا نام تبدیل کرنے کی منظوری لی جائے گی۔ صوبائی وزیر سکندر میندھرو کا کہنا تھا کہ ادارے اور شاہرائیں محب وطن شخصیات کے نام سے منسوب ہونی چاہیئیں، جو شخص ملک کے خلاف باتیں کر رہا ہو اور ان کے نام سے کوئی ادارہ منسوب نہیں ہو سکتا، بانی ایم کیو ایم نے ملکی سالمیت کے خلاف الفاظ استعمال کئے تھے اور جو پاکستان کے خلاف بات کرے اسے اہمیت نہیں دینی چاہیئے۔