سینیٹ میں کل پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل کی قرارداد آئے گی

سلامتی و دفاعی پالیسی سازی کے سلسلے میں رہنماء اصول مرتب کر سکے گی،سپیکر قومی اسمبلی کو نامزدگیوں کا اختیار ہو گا ، باقاعدہ طور پر پارلیمانی جماعتوں سے کمیٹی اراکین کے نام لیے جائیں گے

پیر 27 مارچ 2017 15:50

سینیٹ میں کل پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل کی قرارداد آئے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) اپوزیشن کے مطالبہ پر سینیٹ میں (کل) منگل کو پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل کی قرارداد اآئے گی ، سلامتی و دفاعی معاملات پر فیصلہ و پالیسی سازی کے سلسلے میں رہنماء اصول مرتب کر سکے گی ،کمیٹی کی تشکیل کو رواں ہفتے حتمی شکل دے دی جائے گی ، سپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی جماعتوں سے کمیٹی اراکین کے نام لیں گے کمیٹی میں پارلیمینٹ کی تما18 جماعتوں بشمول فاٹا کی نمائندگی متوقع ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ضابطہ کار کے تحت پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی بحالی کا پارلیمینٹ سے قراردادوں کے ذریعے اختیار لینے کا مرحلہ کل مکمل ہوجائے گا اس ہفتے سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے پارلیمانی جماعتوں سے اراکین کے نام لے کر کمیٹی کے قیام کا اعلان متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

پارلیمانی کمیٹی کو علاقائی سالمیت، خارجہ امور ملکی آزادی و خود مختاری، قومی سلامتی اور فوجی عدالتوں کی نگرانی سے متعلق اختیار سونپا جائے گا اسی طرح پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کو دفاع ،خارجہ امور ، داخلی سلامتی ، علاقائی سالمیت کے معاملے پر کسی بھی متعلق ادارے کے اعلیٰ حکام کو بریفنگ کے لئے مدعو کرنے کا اختیار ہو گا ۔

فوجی عدالتوں کی نگرانی کے پیش نظر کمیٹی کے سابقہ ضابطہ کار(ٹی او آرز) میں رد و بدل کر دیا جائے گا اسی طرح یہ پارالیمانی کمیٹی سلامتی و دفاع کے معاملات پر فیصلہ و پالیسی سازی کے سلسلے میں رہنماء اصول مرتب کر سکے گی اور عمل درآمد کے لئے ان سفارشات کو خارجہ امور ، دفاع اور داخلہ امور کی وزارتوں کو بھجوایا جائے گا۔ کمیٹی میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے تعلق رکھنے والی تمام جماعتوں کی نمائندگی ہو گی۔