سندھ کابینہ نے الطاف حسین یونیورسٹی کا نام تبدیل کر دیا

کراچی اور حیدر آباد میں الطاف حسین کے نام پر بننے والی جامعات فاطمہ جناح کے نام سے منسوب کر دی گئیں نام تبدیل کرنے کے لئے حکومت کو کسی نے نہیں کہا یہ ہمارے ضمیر کا فیصلہ ہے جو پاکستان کے خلاف بات کرے اسے اہمیت نہیں دینی چاہیے ، ڈاکٹرسکندر میندھرو سندھ کابینہ نے ہیلتھ کئیر کمیشن بل کی منظوری کے تین سال بعد ڈاکٹر ٹیپوسلطان کو چیئرمین مقرر کردیا

پیر 27 مارچ 2017 15:05

سندھ کابینہ نے الطاف حسین یونیورسٹی کا نام تبدیل کر دیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) سندھ حکومت نے کراچی اور حیدر آباد میں موجود الطاف حسین یونیورسٹی کا نام تبدیل کرتے ہوئے فاطمہ جناح یونیورسٹی رکھ دیا۔یونیورسٹی کے نام کی تبدیلی کا فیصلہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ۔پیرکو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بہت سے اہم فیصلے کئے گئے جس میں سے ایک انتہائی اہم کراچی اور حیدر آباد میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے نام سے منسوب یونی ورسٹیوں کے نام کی تبدیلی کے حوالے سے بھی کیا گیا۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے تصدیق کی کہ ایم کیو ایم قائد کے نام سے منسوب یونیورسٹی کا نام تبدیل کردیا ہے اس بل کو ایوان میں پیش کرینگے اس کے بعد دیکھیں گے کہ کون کون سی جماعت اس بل کی حمایت کرتی ہیں ۔

(جاری ہے)

سکندر میندھرو نے کہا کہ نام تبدیل کرنے کے لئے حکومت کو کسی نے نہیں کہا یہ ہمارے ضمیر کا فیصلہ ہے جو پاکستان کے خلاف بات کرے اسے اہمیت نہیں دینی چاہیے بانی ایم کیو ایم نے ملکی سالمیت کے خلاف الفاظ استعمال کیے تھے۔

اس سے قبل وزیراعلی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں سندھ کابینہ نے ہیلتھ کئیر کمیشن بل کی منظوری کے تین سال بعد ڈاکٹر ٹیپوسلطان کو چیئرمین مقرر کردیا۔واضح رہے کہ 30 جنوری 2015 کو سندھ کے سابق گورنر عشرت العباد اور چیئرمین بحریہ ٹائون نے حیدر آباد میں الطاف حسین یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔