لاہور ہائیکورٹ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ضمنی بجٹ کا اختیار دینے کیخلاف دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی

وزارت خزانہ کو براہ راست جواب جمع کرانے کا حکم ، وزیر اعظم نواز شریف سے بذریعہ پرنسپل سیکرٹری وضاحت طلب کرلی گئی

پیر 27 مارچ 2017 14:57

لاہور ہائیکورٹ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ضمنی بجٹ کا اختیار دینے کیخلاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ضمنی بجٹ کا اختیار دینے کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف سے بذریعہ پرنسپل سیکرٹری وضاحت طلب کرلی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس عاطر محمود نے محمود اختر نقوی کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ضمنی بجٹ کا اختیار دینے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ وفاقی کابینہ کا اختیار کسی بھی انفرادی شخص کو سونپنے کا اقدام کالعدم کر چکی ہے،وفاقی کابینہ نے 100ملین کے ضمنی بجٹ کا اختیار اسحاق ڈار کو دے دیا۔ اسحاق ڈار کو سرکاری اداروں کے سربراہان کی تقرری کا اختیار بھی دیا گیا ہے، ایک وزیر کو کابینہ کا اختیار سونپنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، اس لئے عدالت عالیہ سے درخواست ہے کہ ضمنی بجٹ جاری کرنے کا اختیار وزیر خزانہ کو دینے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

جس پر فاضل عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وزارت خزانہ اور وزیر اعظم کو نوٹس جاری کر دیا ۔ عدالت عالیہ نے 17 اپریل تک وزارت خزانہ سے براہ راست جواب جمع کرانے جبکہ وزیر اعظم نواز شریف سے بذریعہ پرنسپل سیکرٹری وضاحت طلب کرلی ہے۔