2018 ء کے انتخابات میں ہر صورت شفاف وغیر جانبدارانہ ضروری ہے ‘ لیاقت بلوچ

معاشی ، نظریاتی اور انتخابی کرپشن اور دھوکہ دہی کے نظام کے خاتمہ کے لیے زبردست عوامی رابطہ مہم چلائیں گے

پیر 27 مارچ 2017 14:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ 2018 ء کے انتخابات میں ہر صورت شفاف اور غیر جانبدارانہ ضروری ہے،جماعت اسلامی معاشی ، نظریاتی اور انتخابی کرپشن اور دھوکہ دہی کے نظام کے خاتمہ کے لیے زبردست عوامی رابطہ مہم چلائے گی ، وفاقی حکومت اور وزیر خزانہ کے تمام دعوئوں او ر اعلانات کے باوجود عوامی ضروریات کی تمام اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیاہے حکومت کے چار سال گزر گئے لیکن عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوئے اور ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

لاہور میں جماعت اسلامی کے قومی ، صوبائی حلقوں کے گروپ لیڈرز اور دفاع پاکستا ن کونسل کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی سلامتی کی حفاظت ، اسلامی قوانین کے خلاف سازشوں کے سدباب ، تحفظ ناموس رسالت و عقیدہ ختم نبوت اور کشمیریوں کی جدوجہد سے وفاداری کے لیے صوبائی اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں جماعتوں کے مشترکہ اجلاس اور سیمینارز کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ پانامہ کیس سکینڈل کا فیصلہ اب آ جانا چاہیے ، عوام میں صبر اور شکوک و شبہات کا پیمانہ لبریز ہورہاہے ۔عدلیہ کی ساکھ دائو پر ہے ۔ آئین و قانون کی بالادستی ،کرپشن کے خاتمہ اور کرپٹ مافیا کے سخت احتساب کی پوری قوم منتظر ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ طلبہ تنظیموں کی سرگرمیوں اور طلبہ یونینز کی بحالی کے راستے میں مارشل لاء ، موروثی سیاست اور غیر منظم و غیر جمہوری جماعتیں رکاوٹ رہی ہیں ۔ سٹیٹس کو برقرار رکھنے والی قوتوں نے نوجوان نسل کو قومی دھارے سے کاٹ دیاہے ۔

متعلقہ عنوان :