ٹوبہ ٹیک سنگھ ،ْمردم شماری عملے کی وجہ سے 3 منشیات فروش گرفتار

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر لائسنس یافتہ رائفل اور گولیاں برآمد کرکے اپنے قبضے میں لے لیں

پیر 27 مارچ 2017 14:53

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) صوبہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پولیس نے مردم شماری کے عملے کو پولیس ٹیم سمجھ کر ان سے بدتمیزی کرنے والے 3 مشتبہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا کہ مردم شماری کی ٹیم گوجرہ صدر پولیس اسٹیشن کی حدود میں چک نمبر 351 جے بی کلیان داس میں واقع سعید احمد باجوہ کے گھر پر گئی تاہم گھر میں موجود 3 افراد ظہیر، ندیم اور بلال نے اسے پولیس چھاپہ سمجھا اور عملے کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کرکے فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ سعید احمد باجوہ منشیات کے ایک کیس میں ضمانت پر ہے۔اطلاع ملنے پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) اظہر یعقوب اور گوجرہ صدر کے ایس ایچ او سعید الرحمن نے ملزمان کا تعاقب کیا اور انھیں گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک غیر لائسنس یافتہ رائفل اور گولیاں برآمد کرکے اپنے قبضے میں لے لیں اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انھیں جیل بھیج دیا گیا۔

اس سے قبل گذشتہ ہفتے بھی کراچی میں مردم شماری کے عملے کو دیکھ کر ایک شخص نے عمارت کی پہلی منزل سے چھلانگ لگادی تھی جو بعدازاں ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔مرحوم کے ایک عزیز نے پولیس کو بتایا تھا کہ متوفی قرض خواہوں سے پریشان تھا اور صبح سے قرض خواہ گھر کے دروازے پر کھڑے رقم کی وصولی کیلئے پولیس کو لانے کی دھمکی دے رہے تھے ،ْکچھ ہی دیر میں مردم شماری کی ٹیم پہنچ گئی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو دیکھ کر کلیم خوفزدہ ہوگیا اور کھڑکی سے باہر کی جانب لٹک گیا، لیکن توازن برقرار نہ رہنے کے باعث گر گیا اور جان سے گیا۔

متعلقہ عنوان :