روس میں پرامن مظاہرین کی گرفتاریوں پر امریکہ کی شدید تنقید

پر امن مظاہرین اور انسانی حقوق کے مبصرین کی گرفتاریاں جمہوری اقدار کی کھلی توہین ہیں،ترجمان امریکی وزارت خارجہ

پیر 27 مارچ 2017 14:43

روس میں پرامن مظاہرین کی گرفتاریوں پر امریکہ کی شدید تنقید
واشنگٹن/ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) امریکہ نے روس میں بدعنوانی کے خلاف مظاہرے میں شرکت کرنے والے سینکڑوں مظاہرین کی گرفتاریوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن مظاہرین اور انسانی حقوق کے مبصرین کی گرفتاریاں جمہوری اقدار کی کھلی توہین ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے روس میں بدعنوانی کے خلاف مظاہرے میں شرکت کرنے والے سینکڑوں مظاہرین کی گرفتاریوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پر امن مظاہرین اور انسانی حقوق کے مبصرین کی گرفتاریاں جمہوری اقدار کی کھلی توہین ہیں۔

ترجمان نے روسی حکومت سے ان کی رہائی کی اپیل کی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن کو صدر پوتن کے شدید ناقد الیکسی نوالنی کی گرفتاری کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں حزب اختلاف کے رہنما الیکسی نوالنی کو غبن اور بدعنوانی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران گرفتار کر لیا گیا ہے جنھوں نے ماسکو میں بدعنوانی کے خلاف اس مظاہرے کا انعقاد کیا تھا۔

اتوار کو برسوں میں ہونے والے اس بڑے مظاہرے میں شرکت کرنے والے وزیر اعظم دمتری میدویدیف کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ وزیر اعظم پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔الیکسی نوالنی کے علاوہ کم از کم ملک بھر سے 900 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ملک میں زیادہ تر مظاہرے غیرقانونی تھے کیونکہ حکام سے ان کی پیشگی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی۔

احتجاجی مظاہروں میں صدر پوتن کے خلاف بھی احتجاجی نعرے لگائے گئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس میں سال 2011/2012 کے بعد حکومت مخالف سب سے بڑے احتجاجی مظاہرے تھے۔حزب اختلاف کے رہنما الیکسی نوالنی وسطی ماسکو میں جب احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لیے پہنچے تو انھیں گرفتار کر لیا گیا۔اس موقع پر مظاہرین نے پولیس وین کو روکنے کی کوشش کی جس میں الیکسی نوالنی کو وہاں سے منتقل کیا جا رہا تھا۔

الیکسی نوالنی نے اپنی گرفتاری کے بعد ٹویٹ میں اپنے حامی مظاہرین سے کہا کہ وہ اپنا احتجاجی جاری رکھیں۔الیکسی نوالنی نے وزیراعظم دمتری کے بارے میں رپورٹس شائع کی تھیں جن میں مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ وہ محلات، کشتیوں اور انگوروں کے باغات کے مالک ہیں اور یہ اثاثے ان کی سرکاری تنخوا کے حساب سے بہت زیادہ ہیں۔وزیراعظم دمتری کے ترجمان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انھیں پروپیگنڈا پر مبنی حملہ قرار دیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ الیکسی نوالنی کو غبن اور بدعنوانی کا مرتکب پایا گیا اور انھیں پانچ برس کی معطل سزا سنائی گئی تھی۔اس سزا کے بعد وہ آئندہ برس صدر پوتن کے خلاف صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے اہل بھی نہیں رہے ہیں۔تاہم الیکسی نوالنی نے ان تمام الزامات کو بیبنیاد قرار دیتے ہوئے آئندہ انتخاب میں حصہ لینے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ قانونی طور پر یہ ممکن بھی ہے یا نہیں۔انھیں اس الزام میں دوسری بار عدالتی سماعت کے بعد قصوروار ٹھہرایا گیا ۔

متعلقہ عنوان :