فیصل آباد،سرکاری واجبات وصول کرنے والے تمام محکموں کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت

پیر 27 مارچ 2017 13:43

فیصل آباد۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) سرکاری واجبات وصول کرنے والے تمام محکموں کو واجبات وصول کر کے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کر کے اعلیٰ حکا م کو فراہم کرنے کی ہدائت کر دی گئی ہے۔کمشنر فیصل آباد کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا کہ لینڈ ریونیو،واٹر ریٹ،زرعی انکم ٹیکس،کیپٹل ویلیو ٹیکس اور دیگر مدات میں واجبات کی وصولی کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ کارکردگی رپورٹ سے ڈپٹی کمشنرز ، کمشنرز ، ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ حکام کو باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ کمشنر فیصل آباد مومن آغا اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی کی جانب سے تمام متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ ریونیو ریکارڈ کے تمام امور کو شفاف اور درست رکھنے سمیت نچلی سطح پر ریونیو سٹاف کی کارکردگی کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زیر التواء انکوائریز کو بھی تیز رفتاری سے نمٹانے،زمینوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے بقیہ کام کو جلد مکمل کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ درپیش مسائل کے حل کیلئے موثر محکمانہ حکمت عملی اختیار کی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری فرائض کی بروقت انجام دہی کو یقینی بنایا جائے ورنہ غفلت برتنے اور کام چور افسران و اہلکار کے خلاف سخت ایکشن سے گریز نہیں کیا جائے گا۔