حکو مت کی یونین کونسلز کی سطح سے اچھے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے فوری اقدامات کی ہدائت

پیر 27 مارچ 2017 13:43

فیصل آباد۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) حکومت نے یونین کونسلز کی سطح سے اچھے کھلاڑیوں کو آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدائت کی ہے۔پاکستان اولمپیئن ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے فیصل آباد کے دورہ اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں آل پاکستان باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تن سازی کے مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند، چاک و بند اورمضبوط جسم کے حامل نوجوان بہترین معاشرے کی علامت ہوتے ہیںاس لئے نوجوانوں نسل کو منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھنے کیلئے ہمیں زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے میدان آباد کرنا ہوں گے کیونکہ جس معاشرے کے کھیل کے میدان آباد وہاں کے ہسپتال ویران ہو تے ہیں ۔

(جاری ہے)

صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جارہی ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ہمیشہ بیرون ملک کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کا کھیل کی طرف رجحان ایک مثبت عمل ہے اور پاکستان نے ہمیشہ بڑے کھلاڑی پیدا کئے ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید اجاگر کرنے کیلئے خصوصی فنڈز مختص کئے جائیں گے۔اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں سے فردا ً فرداً ملاقات بھی کی اور ان کی بہترین پرفارمنس کو بھی سراہا ۔