زرعی ما ہرین کی گندم کے کاشتکاروں کو کانگیاری سے متاثرہ کھیتوں میں آبپاشی کا وقفہ بڑھا نے کی ہدایت

پیر 27 مارچ 2017 13:41

زرعی ما ہرین کی گندم کے کاشتکاروں کو کانگیاری سے متاثرہ کھیتوں میں ..
فیصل آباد۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء)محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو کانگیاری سے متاثرہ کھیتوں میں آبپاشی کا وقفہ بڑھا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ گندم کی فصل کو موجودہ نازک ترین مرحلہ پر کسی بھی قسم کے نقصان سے بچایا جا سکے۔ کانگیاری سے متاثرہ پودے فور ی طور پر اکھاڑ کر زمین میں دبا دیئے جائیں تاکہ دوسری فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ گندم کے کاشتکار نئی اقسام کا خالص بیج اپنی کاشتہ فصل سے خود پیدا کریں۔انہوںنے کہا کہ گندم کی فصل پر چوہوں کے حملہ کی صورت میں زنک فاسفائیڈ کی گولیاں یا ڈیٹیا گیس کی ٹکیاں استعمال کی جائیں تاکہ چوہوں سے نجات ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

ماہرین زراعت اور زرعی سائنسدانوں کی سفارشات کی روشنی میں 15اپریل سے قبل کپاس کی فصل کاشت کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ فصلات اور اس کے میزبان پودوں کو ضرر رساں کیڑے مکوڑوں کے حملوں سے بچایا جا سکے اس لئے کاشتکار محکمانہ سفارشات کی روشنی میں کپاس کی کاشت 15اپریل کے بعد شروع کریں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہو ںنے کاشتکاروں کو بہاریہ مونگ کی کاشت آئندہ 3 روز میں جبکہ بارانی علاقوں میں مونگ پھلی کی کاشت اپریل کے آخر تک مکمل کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔