پیر علائو الدین صدیقی کی تعلیمات اور یادیں ہمارے لیے قابل تقلید ہیں‘صدر آزاد کشمیر

پیر علائو الدین صدیقی نے انتہاء پسندی و شدت پسندی کے رجحانات کی مخالفت کرتے ہوئے دنیا کے سامنے اسلام کا معتدل اور روشن چہرہ سامنے لایا‘سردار مسعود خان

پیر 27 مارچ 2017 13:41

پیر علائو الدین صدیقی کی تعلیمات اور یادیں ہمارے لیے قابل تقلید ہیں‘صدر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ عالم اسلام کی ممتاز روحانی شخصیت پیر علائو الدین صدیقی نے انتہاء پسندی و شدت پسندی کے رجحانات کی مخالفت کرتے ہوئے دنیا کے سامنے اسلام کا معتدل اور روشن چہرہ سامنے لایا۔درگاہیں اور روحانی شخصیات معاشرے کی اصلاح اور دین کی تبلیغ کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر پر شعور اجاگر کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔

صوفیاء اور اولیاء کی سر زمین کشمیر دشمن کے شکنجے میں ہے۔ پیر علائو الدین نے جنوبی ایشیاء میں صدیوں پرانے خانقاہی نظام میں جدت پیدا کرتے ہوئے اسے جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا۔ انہوں نے لاکھوں بھٹکے ہوئے لوگوں کو سیدھی راہ پر لایا ۔

(جاری ہے)

سماجی و رفاعی کام ان کا طرہ امتیاز ہے۔ آپ نے سار ی زندگی دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے وقف کئے رکھی ۔

آپ نے روایتی پیری مریدی کے ساتھ دین اسلام کی جدید خطوط پر تبلیغ و اشاعت پر خصوصی توجہ دی ۔ آزاد کشمیر کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقے تراڑ کھل نیریاں شریف میں محی الدین اسلامی ٹرسٹ کے زیر اہتمام نجی شعبے کی پہلی محی الدین اسلامی یونیورسٹی قائم کی۔ جس میں دینی اور اسلامی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کو جدید عصری علوم کی تعلیم دی جاتی ہے۔

اس یونیورسٹی سے اب تک ہزاروں طلباء ایم فل اور پی ایچ ڈی تک تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسلام آباد کے ایک ہوٹل حضرت شیخ العالم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ پیر علائو الدین صدیقی کی تعلیمات اور یادیں ہمارے لیے قابل تقلید ہیں۔ ٹی وی پر ان کے خطبات میں مسائل تصوف سن کر دل کو سکون ملتا تھا۔

اس کے علاوہ آپ نے اندرون ملک اور بیرون ملک درجنوں تعلیمی ادارے قائم کئے۔ جن میں جدید سائنسی علوم کی تعلیم دی جاتی ہے۔ آپ نے آزاد کشمیر میں نجی شعبے کا واحد اور پہلا میڈیکل کالج قائم کیا۔ تراڑ کھل اور میر پور میں جدید ہسپتال بنائے جہاں دکھی انسانیت کی خدمت کی جا رہی ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پیر علائو الدین صدیقی کا پر نور چہرہ نفس مطمینہ کی علامت تھا انہوں نے کہا کہ 9/11کے بعد اسلام کے خلاف مغرب میں انتہاء پسندی کا پروپیگنڈا زوروں پر تھا جس کا مقابلہ کرنے اور اسلام کا حقیقی پیغام دنیا تک پہنچانے کے لیے ااپ نے برطانیہ میں نور ٹی وی قائم کیا۔

جس کے ذریعے یورپ میں اسلام کا معتدل اور روشن خیال چہرہ روشناس کرایا گیا۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آپ نے برطانیہ میں مذاہب عالم کے رہنمائوں کو باور کرایا کہ مسلمانوں کی کسی مذہب سے کوئی لڑائی نہیں ۔ ہمیں ملک کر دنیا میں امن اور سلامتی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ حقیقی امن اسی وقت قائم ہو سکتا ہے جب حضرت آدم علیہ السلام سے لے کرنبی الآخر الزماں تک تمام انبیاء علیہ السلام کا ادب و احترام کیا جائے۔

سیمینار سے وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ ، صاحبزادہ ڈاکٹر محمد سلطان العارفین سجادہ نشین نیریاں شریف ، قائد حزب اختلاف آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین ، سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان ، سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری ، مفتی غلام محمد سیالوی ، مولانا فضل الرحمن خلیل ، پیر ممتاز احمد نظامی اور پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :