Live Updates

پی ٹی آئی نے راحیل شریف کو سعودی عسکری اتحاد کی سربراہی کے لیے دی جانے والی حکومتی اجازت کی مخالفت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 27 مارچ 2017 13:11

پی ٹی آئی نے راحیل شریف کو سعودی عسکری اتحاد کی سربراہی کے لیے دی جانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 مارچ 2017ء) : پاکستان تحریک انصاف نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو سعودی عسکری اتحاد کی سربراہی کے لیے دی جانے والی حکومتی اجازت کی مخالفت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم اس فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہیں اور اس مسئلے کو جلد پارلیمنٹ میں اُجاگر کیا جائےگا۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے اس ضمن میں تین پارلیمنٹیرینز شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور شفقت محمود کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ وہ اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں اُجاگر کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی میں توجی دلاؤ نوٹس بھی جمع کروائیں تاکہ اسمبلی میں اس معئلے پر بحث کی جا سکے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کا یہ رد عمل قومی اخبار میں شائع وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے انٹرویو کے بعد آیا جس میں انہوںنے آگاہ کیا تھا کہ حکومت نے جنرل (ر) راحیل شریف کو سعودی عسکری اتحاد کی سربراہی کی اجازت دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چئیر مین نے موقف اختیار کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں موجود تمام پارٹیز نے اس سے قبل اس بات پر اتفاق کیا تھاکہ پاکستان مشرق وسطیٰ کے مسائل میں غیر جانبداری کا مظاہرہ کرے گا۔ اگر حکومت نے راحیل شریف کو این او سی دینے کا فیصلہ کیا تھا تو اس مسئلے کو دوبارہ قومی اسمبلی میں لانا چاہئیے تھا اور بتانا چاہئے تھا کہ کن وجوہات کی بنا پر راحیل شریف کو اجازت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 39مسلم ممالک پر مشتمل عسکری اتحاد کو سعودی عرب نے ایران کے خلاف تشکیل دیا تھا ۔لہٰذا پاکستان کے سابق آرمی چیف کی عکسری اتحاد کے سربراہ کی حیثیت سے تقرری پر دنیا کو یہی پیغام جائے گا کہ پاکستان بھی ایران کے خلاف تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات