سرسید احمد خان کی برسی منائی گئی

پیر 27 مارچ 2017 13:18

سرسید احمد خان کی برسی منائی گئی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) سرسید احمد خان کی 119 ویں برسی 27 مارچ کو منائی گئی۔ سرسید احمد خان عظیم دانشور اور سیاست دان تھے جنہوں نے علی گڑھ کالج کی بنیاد رکھی جسے بعد میں یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا۔ سر سید احمد خان نے برصغیر کے مسلمانوں میں جدید تعلیم کا شعور اجاگر کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا۔سرسید احمد خان برصغیر میں مسلم نشاة ثانیہ کے بہت بڑے علمبردار تھے انہوں نے مسلمانوں میں بیداری علم کی تحریک پیدا کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا۔

سرسید احمد خان نے ہندوستانی مسلمانوں کو جمود سے نکالنے اور پھر انہیں باعزت قوم بنانے کے لئے سخت جدوجہد کی۔ آپ ایک زبردست مفکر ‘ بلند خیال مصنف اور جلیل القدر مصلح تھے۔سرسید احمد خان نے مسلمانوں کی اصلاح اور ترقی کا بیڑہ اس وقت اٹھایا جب زمین مسلمانوں پر تنگ تھی ۔

(جاری ہے)

ان کا کامل یقین تھا کہ مسلمانوں کی ذہنی اور سماجی بیماریوں کا واحد علاج انگریزی زبان اور مغربی علوم کا حصول ہے۔اس مقصد کو حاصل کرنے کی خاطر وہ تمام عمر جدوجہد کرتے رہے۔سرسید احمد خان 17اکتوبر 1817ء میں دہلی میں پیدا ہوئے ‘ عربی اور فارسی کی تعلیم حاصل کی۔ سرسید احمد خان نے 81 سال کی عمر میں 27مارچ 1898 ء میں وفات پائی اپنے محبوب کالج علی گڑھ کی مسجد میں دفن ہوئے ان کی تمام زندگی قوم و ادب میں گزری۔