روس میں پرامن مظاہرین کی گرفتاریوں پر امریکہ کی تنقید

انسانی حقوق کے مبصرین کی گرفتاریاں جمہوری اقدار کی کھلی توہین ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر

پیر 27 مارچ 2017 12:23

روس میں پرامن مظاہرین کی گرفتاریوں پر امریکہ کی تنقید
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) امریکہ نے روس میں بدعنوانی کے خلاف مظاہرے میں شرکت کرنے والے سینکڑوں مظاہرین کی گرفتاریوں کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا ہے کہ پر امن مظاہرین اور انسانی حقوق کے مبصرین کی گرفتاریاں جمہوری اقدار کی کھلی توہین ہیں۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ روسی حکومت سے ان کی رہائی کی اپیل کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ واشنگٹن کو صدر پوتن کے شدید ناقد الیکسی نوالنی کی گرفتاری کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔ واضح رہے ماسکو میں حزب اختلاف کے رہنما الیکسی نوالنی کو غبن اور بدعنوانی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران گرفتار کر لیا گیا ہے جنھوں نے ماسکو میں بدعنوانی کے خلاف اس مظاہرے کا انعقاد کیا تھا۔

(جاری ہے)

الیکسی نوالنی کے علاوہ کم از کم ملک بھر سے 900 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ملک میں زیادہ تر مظاہرے غیرقانونی تھے کیونکہ حکام سے ان کی پیشگی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی۔

احتجاجی مظاہروں میں صدر پوتن کے خلاف بھی احتجاجی نعرے لگائے گئے۔ وزیراعظم دمتری کے ترجمان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انھیں پروپیگنڈا پر مبنی حملہ قرار دیا۔ گذشتہ ماہ الیکسی نوالنی کو غبن اور بدعنوانی کا مرتکب پایا گیا اور انھیں پانچ برس کی معطل سزا سنائی گئی تھی۔