منشیات کے خلاف جنگ جہادہے، سعودی مفتی اعظم

منشیات کے مکروہ دھندے کے خلاف پوری قوت سے جنگ لڑنے کی ضرورت ہے، الشیخ عبدالعزیز

پیر 27 مارچ 2017 11:46

منشیات کے خلاف جنگ جہادہے، سعودی مفتی اعظم
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) سعودی عرب کے مفتی اعظم اور اسلامک و ریسرچ کونسل و افتاء کونسل کے چیئرمین الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے منشیات کے روک تھام کے لیے موثر کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ’جہاد‘ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ ’قات‘ نامی بوٹی منشیات ہی کی ایک قسم ہے۔

دیگر نشہ آور اشیاء کی طرح اس کا استعمال، ترویج اور تجارت حرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے نتیجے میں انسانی عقل اور جسمانی صلاحیتیں تباہ ہوجاتی ہیں جو سعودی سماج کے لیے زہرقاتل ہے۔ ریاست کے تمام اداروں اور عوام کومل کر اس زہرکے پھیلاؤ کو روکنا ہوگا۔ریاض میں ’منشیات کی روک تھام اوراس کے شرعی پہلو‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سعودی مفتی اعظم نے کہا کہ منشیات انسانیت کی تباہی کا منصوبہ ہے اور اس کے خلاف جنگ ’جہاد‘ ہے۔

(جاری ہے)

سعودی مفتی اعظم نے منشیات کی روک تھام کے لییسیکیورٹی فورسز اور ’نبراس‘ انسداد منشیات پروگرام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے نبراس کو انسداد منشیات کا بہترین ’سفیر‘ قرار دیا۔الشیخ آل الشیخ نے منشیات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی مہمات پر زور دیا اور کہا کہ علماء، ذرائع ابلاغ اور سعودی عوام کے تمام طبقات سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر منشیات کے دھندے کی روک تھام کے لیے اپنا کردارادا کریں۔

متعلقہ عنوان :