پہلا ٹی ٹونٹی،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 6وکٹوں سے شکست دیدی

پیر 27 مارچ 2017 00:38

پہلا ٹی ٹونٹی،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 6وکٹوں سے شکست دیدی
باربڈوس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26مارچ ۔2017ئ) ویسٹ انڈیز کے خلاف 4ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ہدف 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کردیا ۔112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد اور کامران اکمل نے پاکستان کو 25 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد احمد شہزاد پویلین لوٹ گئے۔کامران اکمل نے سیمیول بدری کو ایک چوکا اور چھکا جڑ کر خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن اگلی ہی گیند پر ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں وہ سیدھا کیچ دے بیٹھے۔

محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر اپنی سلیکشن سے انصاف نہ کر سکے اور ایک آسان ہدف کے تعاقب میں بھی صرف5 رنز بنا کر بریتھ ویٹ کی وکٹ بنے۔بابر اعظم 29رنز بنا کر ہولڈر کے ہاتھوں آﺅٹ ہوئے جس کے بعد شعیب ملک نے 17ویں اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو کامیابی دلا دی ، ملک 38رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کے لیے ہولڈر نے دو جبکہ براتھویٹ اور بدری نے ایک ، ایک شکار کیا،یہ سرفراز احمد کی زیر قیادت پاکستان کی لگاتار5 ویں ٹی ٹونٹی فتح ہے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹونٹی میں جیت کے لیے 112رنز کا ہدف دیا ۔برج ٹاﺅن میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،پاکستان کو ابتدا میں اسی وقت کامیابی مل گئی جب احمد شہزاد کی براہ راست تھرو پر ایون لوئس کی اننگز کا خاتمہ ہوا،مارلن سیمیولز اور چیڈوک والٹن نے چھ اوورز کے اختتام تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی لیکن ساتویں اوور میں عماد وسیم کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں سیمیولز آﺅٹ قرار پائے،پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے شاداب خان نے اپنی دوسری ہی گیند پر 18 رنز بنانے والے والٹن اور پھر ایک گیند بعد لینڈل سمنز کو پویلین لوٹا کر عالمی کرکٹ میں آمد کا جشن منایا،شاداب نے اگلے اوور کی بھی دوسری ہی گیند پر سنیل نارائن کو آﺅٹ کیا جبکہ حسن علی نے اگلے اوور میں روومین پاول کو آﺅٹ کر کے میزبان ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا،اس موقع پر ویسٹ انڈین ٹیم کی تمام تر امیدیں کیرون پولارڈ سے وابستہ تھیں لیکن وہ 27 گیندوں پر 14 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی وکٹ بنے،کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے اختتامی اوورز میں چند ہاتھ دکھائے لیکن وہ بھی ابتدائی بلے بازوں کی ناکامی کا ازالہ نہ کر سکے،جب اننگز کی آخری گیند پر جیسن ہولڈر آﺅٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز نے آٹھ وکٹ کے نقصان پر 11 1رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے شاداب خان نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے سات رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ وہاب ریاض، عماد وسیم، سہیل تنویر اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں شاندار کارکردگی دکھانےوالے سپنر شاداب خان کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا جبکہ احمد شہزاد کی بھی قومی ٹیم میں تقریباً ایک سال اور کامران اکمل کی تین سال بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ، 2007ءکے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ کامران اکمل نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے وکٹ کیپنگ نہیں کی، ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں نئے کھلاڑی رومن پاول کو شامل کیا گیا ۔