گرانفروشی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،ڈپٹی کمشنر

اتوار 26 مارچ 2017 23:30

لا لہ موسیٰ ۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول اور مصنوعی مہنگائی روکنے کیلئے ضلع بھر کے پرائس مجسٹریٹس بازاروں، مارکیٹوں کی باقاعدگی سے چیکنگ کریں اور گرانفروشی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی ریونیو سید واصف رحمان بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، فنانس، جنرل، اسسٹنٹ کمشنرز ، تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں کو پرائس مجسٹریٹس کے اختیارات تقویض کر دیے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس مصنوعی مہنگائی روکنے کیلئے متحرک ہوجائیں اور کسی بھی گرانفروشی کو ناجائز منافع خوری کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے ہدایت کی کہ تینوں تحصیلوں میں قائم سبزی و فروٹ منڈیوں میں بولی کے عمل کی نگرانی کیلئے ریونیو آفیسرز کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں، ریونیو آفیسر مقررہ دن کو ہر صورت منڈی پہنچیں بولی کے عمل کو شفاف بنانے کے ساتھ مارکیٹ کمیٹی کے عملہ کی کارکردگی پر بھی نظر رکھیںتاکہ شہریوں کو ریلیف دیا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کے انعقاد کیلئے بھی ہوم ورک فوری طور پرشروع کیا جائے۔