ڈی ایس پی سٹی کی کھلی کچہری کا انعقاد

اتوار 26 مارچ 2017 23:30

چنیوٹ ۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) ڈی ایس پی سٹی رائے اللہ دتہ نے عوامی مسائل سننے کے لیے چوکی دلخوشاب تھانہ سٹی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ایس ایچ ا و سٹی انسپکٹر شبیر احمد ، انچارج چوکی دلخوشاب ، تفتیشی افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، ازاں علاقے کے لوگوں نے اپنے اپنے مسائل پیش کیے جن پر فوری احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت ہوئی کہ تمام سائلین کے مسائل کو جلد از جلد میرٹ کی بنیاد پر حل کیا جائے، ڈی ایس پی سٹی نے کھلی کچہری کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کے قیام کا مقصد لوگوں کے ایسے مسائل حل کرنا ہے جو کسی بھی وجہ سے تھانہ چوکیات میں حل نہیں ہو سکے،ڈسٹرکٹ پولیس امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے جانفشانی سے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے،جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کرکے عوام کو بھی اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔