سندھ اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہوگا، اجلاس سے قبل سندھ کابینہ کا اجلاس بھی ہوگا

وقفہ سوالات اور گورنر سندھ کی جانب سے 7 مختلف بلوں کی منظوری کا اعلان ہوگا اجلاس میں حکومت سندھ آئوٹ آف ٹرن سے ہٹ کر بعض بل اور ایک قرارداد پیش کریگی، حتمی فیصلہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں ہوگا

اتوار 26 مارچ 2017 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) سندھ اسمبلی کا اہم اجلاس آج (پیر) سہ پہر 3 بجے سندھ اسمبلی کی عمارت میں ہوگا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں وویمن ڈویلپمنٹ کے متعلق وقفہ سوالات اور گورنر سندھ کی جانب سے 7 مختلف بلوں کی منظوری کا اعلان شامل ہے۔ اجلاس میں تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبول اور فاتحہ خوانی کے بعد پینل آف چیئرمین کے ناموں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت سندھ آئوٹ آف ٹرن سے ہٹ کر بعض بل اور ایک قرارداد پیش کرنا چاہ رہی ہے۔ اس ضمن میں حتمی فیصلہ پیر کو آج صبح 10 بجے ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس مرتبہ سندھ اسمبلی کا اجلاس شام تین بجے بلایا گیا ہے کیونکہ صبح 10 بجے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے، سندھ کابینہ کے اجلاس میں بعض بلوں کی منظوری دی جائے گی، جس کے بعد امکان ہے کہ مذکورہ بلوں پر سندھ اسمبلی کے اجلاس میں غور کیا جائے۔

(جاری ہے)

سندھ کابینہ کے اجلاس کے لیے جاری کردہ ایجنڈے میں سندھ ڈیولپمنٹ اینڈ مینٹنس آف انفراسٹریکچرسیس 2017 ،سندھ آکوپیشنل سیفٹی اینڈہیلتھ ایکٹ 2015 کے مسودہ قانون، سندھ شہید ری کگنیشن اینڈ کمپنسیشن ایکٹ 2014 مجوزہ ترامیم،سندھ انٹی ٹیررازم ترمیمی بل 2016 سندھ کرایہ داری بل 2017 شہید بے نظیر بھٹو ہیومن ریسورس اینڈریسرچ اینڈ ڈولپمنٹ بورڈ کے چھ مستقل ارکان کی تقرری اور جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ترمیمی ایکٹ2016 شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کا یہ اجلاس انتہائی اہم ہے اور ایجنڈے کے اصل حصے کو سامنے نہ لانے پر بحث ہوگی۔ ذرائع کے مطابق سندھ کے سابق وزیر اطلاعات وبلدیات شرجیل انعام میمن کی تقریباً 20 ماہ بعد اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔