مقبوضہ کشمیر ،بھارتی فوج کی ظالمانہ کاروائیاں جاری،2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاگیا

نوجوانوں کی شہادت پر کشمیریوں کا احتجاج،مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ، پولیس اور پیراملٹری فورسز کی آنسو گیس کی شیلنگ،مظاہرین کا پتھرائو،حریت رہنمائوں کی بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت ان سرفروشوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی، بھارت اس طرح کی کاروائیوں سے کشمیریوں کو انکے حق خود ارادیت کے حصول سے نہیں روک سکتا،سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک اور شبیر احمد شاہ

اتوار 26 مارچ 2017 21:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میںبھارتی پولیس اور فوج نے ظالمانہ کاروائیو ںکا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاجس کے بعد علاقے میں لوگ مشتعل ہوگئے اور احتجاج شروع کردیا،مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوتی رہیں اس دوران پولیس اور پیراملٹری فورسز نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کردی،حریت رہنمائوں نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اس طرح کی کاروائیوں سے کشمیریوں کو انکے حق خود اردیت کے حصول سے نہیں روک سکتا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میںبھارتی پولیس اور فوج نے فائرنگ کرکے دو کشمیر نوجوانوں رئیس احمد وانی اور فاروق احمد ہرا کو شہید کردیا۔

(جاری ہے)

رئیس احمد وانی اور فاروق احمد شوپیاں اور پلوامہ ڈسٹرکٹ کے رہائشی تھے۔بھارتی فورسز کی فائرنگ سے دونوں نوجوانوں کی شہادت کے بعد مقامی افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے احتجاج شروع کردیا۔

عینی شاہدین کے مطابق مشتعل افراد اوانتی پورہ پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوگئے اور لاش کی حوالگی کا مطالبہ کیا تاہم پولیس اور پیراملٹری فورسز نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کردی۔شیلنگ کے نتیجے میں لوگ اور مشتعل ہوگئے اور انہوں نے فورسز پر پتھرا شروع کردیا اور پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ شروع ہوگئی۔بعد ازاں دونوں نوجوانوں کی لاشیں ان کے ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

حریت رہنمائوں نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اس طرح کی کاروائیوں سے کشمیریوں کو انکے حق خود اردیت کے حصول سے نہیں روک سکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک اور شبیر احمد شاہ سمیت حریت رہنمائوں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سرفروشوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔

انھوں نے پوری وادی میں بھارتی پولیس اہلکاروں کے ظلم و تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیا ۔خیال رہے کہ 8 جولائی 2016 کو مقبوضہ کشمیر میں اسی طرح کے ایک آپریشن میں بھارتی فورسز نے حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان وانی کو شہید کردیا تھا جس کے بعد کشمیر بھر میں پرتشدد مظاہروں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔برہان وانی کیشہادت کے بعد بھارتی فورسز نے نہتے مظاہرین پر فائرنگ اور پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 100 سے زائد بے گناہ کشمیری شہید اور سیکڑوں بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔