ا مید کرتے ہیں کہ عدالت کرپشن کے خلاف کیس میں عوام کے حق میں جلد فیصلہ دیگی ،المیہ ہوگا کہ اگر عدالت نے عوام کو انصاف نہیں دیا تو پھر فیصلہ چوکوں اور چوراہوں میں ہوگا، کرپٹ اشرافیہ نے پاکستان کوتوڑا، نظریہ پاکستان سے محروم کیا رنگ نسل کی بنیا دپر تقسیم کیا ،ترقی میں یہی کرپٹ اشرافیہ رکاوٹ ہے،پاکستان میں جمہوریت اورسیاست نہیں پیسے کا کھیل جاری ہے بددیانت اور کرپٹ مافیا اپنے سرمائے کی بنیاد پر اقتدارپرقابض ہے

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینٹرسراج الحق کاشمولیتی جلسہ عام سے خطاب

اتوار 26 مارچ 2017 21:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینٹرسراج الحق نے کہاکہ امید کرتے ہیں کہ عدالت کرپشن کے خلاف کیس میں عوام کے حق میں جلد فیصلہ دیگی ،المیہ ہوگا کہ اگر عدالت نے عوام کو انصاف نہیں دیا تو پھر فیصلہ چوکوں اور چوراہوں میں ہوگا، کرپٹ اشرافیہ نے پاکستان کوتوڑا، نظریہ پاکستان سے محروم کیا رنگ نسل کی بنیا دپر تقسیم کیا ،ترقی میں یہی کرپٹ اشرافیہ رکاوٹ ہے۔

پاکستان میں جمہوریت اورسیاست نہیں پیسے کا کھیل جاری ہے بددیانت اور کرپٹ مافیا اپنے سرمائے کی بنیاد پر اقتدارپرقابض ہے ۔ان خیالا ت کااظہارانھوں نے اتمان زئی چارسدہ کے وسیع وعریض کمیٹی گرائونڈ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرعلماء کرام،وکلاء سمیت سیاسی عمائدین کی بڑی تعدادنے جماعت اسلامی میں شمولیت کااعلان کیا۔

(جاری ہے)

شمولیتی جلسہ عام سے امیرصوبہ خیبر پختونخوامشتاق احمدخان ،امیرضلع ریاض خان سمیت دیگررہنمائوں نے بھی خطاب کیا جبکہ عوام کی بڑی تعداد اس موقع پر شریک تھی۔

سینیٹرسرا ج الحق نے کہا کہ چارسدہ کے عوام نے ہمارانہیں اسلامی انقلاب کااستقبال کیا ہے شیطان اورامریکی وفادارپاکستان پر قابض ہیں،کرپشن کے خلاف ہم نے جہاد شروع کیا ہے ہم کسی ایک فرد یا خاندان نہیں ہرکرپٹ سیاستدان،وڈیرے اورجاگیردارکااحتساب چاہتے ہیں ،سب سے پہلے میں اپنے آپ کوہرفورم پر احتساب کیلئے پیش کرتا ہے جماعت اسلامی کے وزراء اور ممبران اسمبلی کو پیش کرتا ہوں ۔

سراج الحق نے کہاکہ میں نوازشریف صاحب سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہاں لبرل پاکستان نہیں بنے گا ۔ پاکستان کی بنیا دوں میں شہیدوں اورعلماء کا خون اور مائوں کی قربانیاں ہیں ۔ ہماری عفت مآب خواتین نے سیکولر ازم نہیں اسلام کے لیے قربانیاں دی تھیں ۔انھوں نے کہاکہ عوام اپنے ووٹ سے جہالت، غربت اور کرپشن کوشکست دیں ،مزدور،کسان او رپسے ہوئے طبقات ووٹ کی طاقت سے ظلم جبر کے خاتمے کیلئے اپنا کرداراداکریں۔

جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہاکہ ہمیں امیدہے سپریم کورٹ عوام کے حق میں فیصلہ دے گا اگر کرپٹ اشرافیہ کے خلاف عوام کوانصاف نہ ملا تو فیصلے چوکوں اور چوراہوں پر ہوں گے۔انھوں نے کہاکہ چارسدہ میں امن وامان کی بدترصورتحال تھی یہاں تابوت اورکفن کے کاروبارنے ترقی کی چارسدہ خون میں تربترتھا توعوام کی خدمت کیلئے جماعت اسلامی کے سواکوئی موجودنہیں تھا۔