2018ء کے انتخابات میں عوام ووٹ کی پرچی کے ذریعے کرپٹ حکمرانوں احتساب کریں گے ، پیپلز پارٹی بلوچستان

اتوار 26 مارچ 2017 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں قوم پرست کے نام پر ووٹ لینے والوں نے کوئٹہ شہر اور بلوچستان کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے 2018ء کے انتخابات میں عوام انکا ووٹ کی پرچی کے ذریعے احتساب کریں گے آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے انشاء اللہ کرپٹ اوربدعنوان حکمرانوں سے لوٹ مار کا حساب لیں گے ،پیپلزپارٹی پاکستان میں بسنے والی تمام اقوام کی جماعت ہے جو انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے پارٹی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائے گی ۔

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،ملک عبدالحمید کاکڑ،میر عبدالصمد گورگیج نے مسجد روڈ پر چیترومل مارترے ، سنتوش کمار ، سوگ لال ،راجیش کمار!، ونود کمار، چاندی رام ، سورج پرکاش،وجے کمار، سندیپ کمار،گردھاری لعل ،نام چند ،دولت رام ،کرشن لعل ،پرکاش لعل ،راجزر لعل اور دیگر کی اپنے سینکڑوںساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے امیدوار الطاف گجر، میر ولی محمد قلندرانی ، شہزادہ کاکڑ، ثناء اللہ جتک ،شاہجہان گجر،عبدالباری موسیٰ خیل ،مولوی جمال ،بابل بنگلزئی ،ندیم آفریدی اور دیگر بھی موجود تھے۔مقررین نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں قوم پرستی کے نام پر ووٹ لینے والوں نے آج تک اپنے حلقے کے عوام کا حال تک نہیں پوچھا کوئٹہ شہر کھنڈرات کا ڈھیر بن چکا ہے چار سال کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کی وجہ سے 67سال سے یہاں کے لوگ درپدری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں پیپلزپارٹی نے ہمیشہ انسانیت کا نعرہ لگایا ہے یہی وجہ ہے کہ آج لوگ جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک کی کامیابی سے بلوچستان میں ترقی کی نئی شاہراہیں کھلیں گی لیکن بھارت اور ملک دشمن قوتیں نہیں چاہتی کہ گوادر سی پیک منصوبہ کامیاب ہو ااس لئے وہ گوادر سی پیک کے خلاف بے بنیاد افواہیں پھیلا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک مکمل ہونے سے صوبے کے 10لاکھ کے قریب نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور صوبہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکن ملکر گوادرمنصوبے کی کامیابی کیلئے کام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک سے غربت ،جہالت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے شہید ذوالفقارعلی بھٹو اوراور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جانوںکے نذرانے پیش کئے لیکن عوام کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ شہید رانی محترمہ بے نظیربھٹو کی شہادت کے بعد انکے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی قیادت سنبھالی ہے اور نوجوان قیادت کو آگے لایا ہے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں فعال اور منظم ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے تو پارٹی نے بلا رنگ و نسل مزدوروں اور عوام کی خدمت کی ہے پیپلز پارٹی نے اپنے دوراقتدار میں ہزاروں کی تعداد میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا لیکن موجودہ دور حکومت میں کسی بھی پڑھے لکھے نوجوان کو روزگار فراہم نہیں کیاگیا بلکہ سرکاری ملازمتیں سرعام فروخت ہورہی ہیں جس کی پیپلز پارٹی مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی میں برابر کا حصہ ہے جسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا اقلیتی برادری اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھے پیپلز پارٹی انکے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریگی۔انہوں نے چیترومل مارترے ، سنتوش کمار ، سوگ لال اور انکے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی پیغام کو گھرگھر پہنچائیں گے۔