وزیراعظم کو چاہیے تھا سندھ کے دورے پہلے کرتے اور سندھ بھی پاکستان کا حصہ ہے، وہ سندھ میں کم آتے ہیں، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ

ایم کیو ایم پاکستان نے ایم کیو ایم لنڈن سے لاتعلقی اختیار کی ہے، کوئی بھی شخص قانون توڑے گا اس کیخلاف کاروائی کی جائے گی

اتوار 26 مارچ 2017 21:10

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو چاہیے تھا کہ وہ سندھ کے دورے پہلے کرتے اور سندھ بھی پاکستان کا حصہ ہے، وہ سندھ میں کم آتے ہیں۔ گڑھی خدابخش بھٹو میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ایم کیو ایم لنڈن سے لاتعلقی اختیار کی ہے، کوبھی شخص قانون توڑے گا یا ملک دشمنی میں ملوث ہوگا تو اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کچرہ اٹھانے کے لیے گاڑیاں موجود ہیں پیپلز پارٹی دن رات عوام کی بلا تفریق خدمت کررہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے بعد پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی چار اپریل پر ہونے والی برسی کے متعلق اجلاس ہوا جس میں کمشنر لاڑکانہ محمد عباس بلوچ نے انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ یہ برسی ہر سال ہوتی ہے برسی میں جلسہ عام ایک بجے ہوگا اور ساڑے تین بجے تقاریر اور مشاعرہ ہوگا جس کے بعد قائدین جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور یہ جلسہ چھ بجے اختتام پذیر ہوگی اور سات بجے نوڈیرو ہائوس میں سی ای سی اجلاس ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے مزار کمیٹی اور ڈویزنل و ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کریں اور ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ برسی میں آنے والے مہمانوں کو کسی قسم کے تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

صوبائی وزیر نے گڑھی خدابخش بھٹو آنے جانے والی راستوں پر سائن روڈ لگانے اور صفائی ستھرائی سمیت لائیٹنگ کے بندوبست کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی پر توجہ دی جائے اس کے ساتھ ساتھ کار پارکنگ کے نظام کو بھی مزید بہتر بنایا جائے، واک تھرو گیٹس لگائے جائیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر پر شہید بینظیر بھٹو کی برسی پر ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی تھی اور دنہ بہ دن مختلف پارٹیوں کے لوگ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کررے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر پہلے سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے جس کے لیے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو چاہیے کہ برسی میں آنے والے مہمانوں کا خاص خیال رکھیں۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے گڑھی خدابخش بھٹو میں پیپلز پارٹی رہنما دیدار بھٹو کے بھائی کی شادی میں شرکت کی جس کے بعد انہوں نے نوڈیرو اسٹیڈیم میں جاری آل پاکستان شوٹنگ شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو والی بال ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کی۔ گڑھی خدابخش بھٹو آمد پر وزیراعلیٰ سندھ نے اسپیکر سندھ آغا سراج درانی، نثار احمد کھوڑو، ایم پی اے محمد علی بھٹو، صوبائی وزیر سہیل انور سیال اور دیگر کے ہمراہ شہیدوں کے مزاروں پر حاضری دی اور فاتح خوانی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف علی ٹپو، ایس ایس پی لاڑکانہ عمر طفیل سمیت ڈویزنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔