خضدار کے لوگ باشعور ہوچکے ہیں،کرپٹ زدہ طبقے سے ہر صورت میں جان چھڑانے کی تیاری کررہے ہیں،نوابزادہ میر ظفراللہ خان زہری

اتوار 26 مارچ 2017 21:00

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)کے مرکزی رہنماء و سابق وزیر داخلہ بلوچستان رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ میر ظفراللہ خان زہری نے کہاہے کہ خضدار کے لوگ باشعور ہوچکے ہیںاور وہ اب کرپٹ زدہ طبقے سے ہر صورت میں جان چھڑانے کی تیاری کررہے ہیں۔خضدار کے عوام الناس کی تاریخ بے باک و نڈر وبہادری سے لبریز ہے۔

ہم خضدار کے عوام سے ملکر اگلے الیکشن میں ایسی تاریخ دھرائیں گے کہ استحصال کرنے والے طبقے کا دماغ بھی کام نہیں کریگا۔یقینا ماضی میں خضدار کے عوام کی کوئی رہنمائی نہیں ہوئی ہے اس بار ہم ہی خضدار کے عوام کی رہنمائی کے لئے میدان میں اتریں گے اور سوراب جیت کے تجربے کی تاریخ خضدار میں دھر ا کرخضدار کے عوام کی سرپرستی کرنے کا حق ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

خضدار کے عوام ہمیں اپنے آپ سے دور تصور نہ کریں، ان ازمائے ہوئے چہروں سے انہیں نجات دینے کے لئے ہم عنقریب ان کے درمیان میں ہونگے۔ خضدار کے عوام کا گزشتہ کئی سالوں سے استحصال جاری ہے آئے روز خضدار کے عوام کو پسماندہ اور غربت زدہ کیا جارہاہے۔اب خضدار کے عوام کو ان لٹیروں اور غاصبوں اور استحصال کرنے والے کرپٹ نمائندوںسے آزاد کرنے کا وقت آگیا ہے۔

خضدار کے عوام کا حق لوٹنے والے گزشتہ نو سال سے کہاں تھے اور انہوںنے کیا گُل کہلائے، جو اب وہ عوام سے ووٹ مانگنے آئے ہیں۔ اب کس بنیاد پر وہ عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں ۔وہ خضدار کے عوام کوبہلانے اور ورغلانے کا خواب دل سے نکال دیں ۔آنے والے دور میں شکست ان کا مقدر بن کر رہیگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

بی این پی (عوامی) کے مرکزی رہنماء نوابزادہ میر ظفراللہ خان زہری نے کہاکہ مجھے اس بار خضدار کے عوام کی سوچ اور شعور و آگاہی بے حد پسند آرہی ہے کہ وہ ان کرپٹ زدہ چہروں کو اپنے ہر در سے دھتکار رہے ہیں اور انہیں بھر پور جواب دے رہے ہیں ۔کہ وہ انہیں مذید ورغلانے کی ہمت نہ کریں۔خضدار کے عوام کی اس منفرد ادا نے بھیس بدل کرنے آنے والے نمائندوں کو قبل از وقت شکست دوچار کردیا ہے ۔

خضدارکی گزشتہ نو سال کی تاریخ گواہ ہے کہ جس طرح عوام کا استحصال ہوا ہے اور خضدار کے فنڈز ایک مخصوص جگے پر خرچ ہوچکے ہیں ۔وہ عوام کو یاد ہیں اور اس کا جواب عوام اگلے الیکشن میں دینے کی بھر پور تیاری کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس بار ازمائے ہوئے کرپٹ نمائندوں کو عوام کی مدد سے بھر پور انداز میں شکست فاش سے دوچار کردیں گے ۔ ہم میدان کو استحصال زدہ اس طبقے کے لئے کسی بھی طرح خالی نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔آپ نے گزشتہ نو سالوں سے عوام کے رائے کو کس طرح ذاتی مفادات کی خاطر ملیا میٹ کررہے تھے ۔ انشاء اللہ اگلے الیکشن میں سوراب کی تاریخ دھراکرانہیں بتائیں گے کہ عوام کے رائے کی کیا اہمیت ہوتی ہے ۔