فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ،ْادراک تمام کھلاڑیوں کو ہونا چاہیے ،ْاظہرمحمود

پاکستان کے پاس ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ میں شکست دینے اور ایک روزہ کرکٹ میں اپنی درجہ بندی کو بہتر کرنے کا بہترین موقع ہے ،ْانٹرویو

اتوار 26 مارچ 2017 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ اظہرمحمود نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے دورے سے قبل کیمپ میں عمراکمل سمیت تمام کھلاڑیوں پر واضح کردیا گیا تھا کہ بہتر فٹنس ہی ٹیم میں انتخاب کا باعث ہوگی۔کرکٹ ویب سائٹ پاک پیشن کو اپنے مضمون میں اظہر محمود نے ٹیم کیلئے فٹنس کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کے برعکس اب فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور اس کا ادراک تمام کھلاڑیوں کو ہونا چاہیے بالخصوص ان کیلئے جو بین الاقوامی کرکٹ میں نئے نہیں ہیں۔

اظہرمحمودنے کہاکہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہمارے کیمپ میں فٹنس ٹیسٹ مشکل تھا لیکن بشمول عمر اکمل سب کو واضح پیغام تھا کہ اگر آپ فٹ نہیں ہیں تو آپ کو منتخب نہیں کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کے مطابق یہ بدقسمتی تھی کہ عمراکمل فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے جس کے نتیجے میں وہ باہر ہوگئے لیکن کوئی غلطی نہیں ہوئی کیونکہ بطور اچھے بلے باز کے ان کی صلاحیت پر کوئی شک نہیں ہے۔

فٹنس کو آج کی کرکٹ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ معمول کی بات لگتی ہے لیکن آج کے کھیل میں فٹنس بنیاد ہوتی ہے اس کا اثر فیلڈنگ کو بہتربنانے میں معاون ہوتا ہے جو نہ صرف رنز کو بچانے کے لیے اہم ہے بلکہ وکٹوں کے درمیان رنز بنانے کی رفتار کے لیے بھی ضروری ہے جس کی مدد سے زیادہ رنز بنا پاتے ہیں۔اظہرمحمود نے کہا کہ اگر آپ ہماری ٹیم کی فٹنس کاموازنہ جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا سے کریں گے تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ اسی کی وجہ سے ہم 40 سے 50 رنز پیچھے ہوتے ہیں یہاں تک کہ میچ کی پہلی گیند سے ہی یہی صورت حال ہوتی ہے۔

باؤلنگ کوچ نے گزشتہ دورہ نیوزی لینڈ میں خراب باؤلنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے محمد عامر اور وہاب ریاض کو ایک عام اور فتح گر کارکردگی کے فرق سے آگاہ کر دیا ہے اب ان پر ہے کہ وہ اس تنقید کو مثبت لیں اور میچ ونر بننے کے لیے بہتری لائیں۔اظہر محمود نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستان کے پاس تاریخ میں پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا بہترین موقع ہوگا۔سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ میں شکست دینے اور ایک روزہ کرکٹ میں اپنی درجہ بندی کو بہتر کرنے کا بہترین موقع اور اس دوران ہمیں اعلیٰ سطح کی فٹنس برقرار رکھنے کی ضرورت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :